ممبئی: 13/مارچ (ذرائع) کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر روپے کی قیمت میں کمی واقع ہونے کی وجہ سے ریال کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے مرکزی حج کمیٹی نے کرنسی ایکسچینج ٹینڈر کو ایک ماہ کیلئے ملتوی کردیا ہے ۔حالانکہ حج 2020ء کو ابھی وقت باقی ہے ، مگر کورونا وائرس کا اثر سفر حج کے پروسیس پر پڑتا نظر آرہا ہے۔ کوروناوائرس کووڈ 19 کی وجہ سے عالمی سطح پر معاشی تبدیلیاں رونما ہونے کی بنا پر حج کمیٹی آف انڈیا نے کرنسی ایکسچینج کا ٹینڈر ایک ماہ کیلئے آگے بڑھا دیا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس نے بین الاقوامی بازار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کو امید ہے کہ حالات بہتر ہونے کے ساتھ ہی ریال کی قیمت میں بھی کمی آئیگی اور اس کا براہ راست فائدہ عازمین حج کو ہوگا ۔ حج کمیٹی نے کرنسی ٹینڈر کو ایک ماہ کیلئے آگے بڑھانے کا فیصلہ ممبئی میں منعقد ہونے والی مرکزی حج کمیٹی کی فائنانس کمیٹی کی میٹنگ میں لیا گیا ہے ۔
مرکزی حج کمیٹی ہرعازمِ حج کو دوہزار ریال فراہم کرتی ہے ۔ علاوہ ازیں قربانی اور دیگر معاملات میں بھی ریال کی شکل میں مرکزی حج کمیٹی کو رقم ادا کرنی پڑتی ہے ۔ مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین نے بتایا کہ فائنانس کمیٹی کی میٹنگ میں کرنسی ایکسچینج کے ٹینڈر کو ملتوی کرنے کے فیصلے پر اتفاق ہوا ہے۔
بین الاقوامی بازار پر کورونا وائرس کے اثر نے ہوائی خدمات کو بھی متاثر کردیا ہے ۔ مرکزی حج کمیٹی کے رکن اور بہار اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین سونو بابو نے نمائندے کو بتایا کہ عازمینِ حج ایئر فیئر کے چارجیز میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال 20 سے 30 فیصد کا امکان روشن ہے۔ کرنسی ایکسچینج اور دیگر معاملات کو ملاکر مرکزی حج کمیٹی کیلئے حج 2020 چیلنج بھرا دکھائی دے رہا ہے ۔ ممبئی میں معروف خدام الحجاج اور حج ٹرینر تاج الدین نے نمائندہ کو بتایا کہ انہیں ہر روز مہاراشٹر کے مختلف علاقوں سے کئی عازمین حج کے فون کالس موصول ہوتے ہیں اور وہ کورونا وائرس کے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہیں ۔ اکثر عازمین حج کمیٹی کو دوسری قسط ادا کرنے پر سوال کرتے ہیں ۔
تاج الدین نے بتایا کہ عازمین کو اطمینان دلانے کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے متعلق احتیاطی تدابیر کو اپنانے کی بھی صلاح دی جاتی ہے۔ انہیں اللہ پر بھروسہ رکھنے اور حج کی تیاری کو جاری رکھنے کے معلق ہماری طرف سے حوصلہ دیا جاتا ہے ۔ ممبئی کے کرافورڈ مارکیٹ اور مسافر خانہ مارکیٹ میں بھی حج اور عمرہ کی چیزوں میں خریداری میں سست روی دیکھی جارہی ہے۔ دوکاندار گراہک نہ ہونے کی شکایت کررہے ہیں ۔ ایک دوکاندار نے بتایا کہ قرعہ اندازی میں منتخب ہونے کے بعد عازمین تیاریاں کرنا شروع کردیتے تھے ، لیکن ابھی تک یہ سلسلہ نہایت سست روی کا شکار ہے ۔ مرکزی حج کمیٹی نے عازمین حج سے خوف و ہراس میں مبتلا نہ ہونے اور حج کی تیاریاں جاری رکھنے کی گزارش کی ہے۔ حج کمیٹی کے نمائندوں نے باور کیا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے اللہ پر بھروسہ رکھیں اور خوف و ہراس میں مبتلا قطعی نہ ہو ۔