نئی دہلی: 22؍مارچ (ذرائع) کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کو روکنے کیلئے اب ریاستوں کو لاک ڈاون کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ راجستھان اور دہلی کے بعد اب بہار‘ تلنگانہ‘ آندھرا پردیش‘ کرناٹک اور ہریانہ حکومت نے بھی 31 مارچ تک لاک ڈاون کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔ پٹنہ میں نتیش کمار نے لاک ڈاون کو لے کر ایک اہم میٹنگ اتوار کو بلائی تھی ۔ اس میٹنگ کے دوران پوری ریاست کو لاک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس بات کی جانکاری وزیر اعلی کے دفتر سے جاری کردی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ کو بھی پوری طرح سے لاک ڈاون کردیا گیا ہے ۔ اس دوران دونوں ہی ریاستوں میں صرف ضروری اور ایمرجنسی خدمات جاری رہیں گی ۔
قابل ذکر ہے کہ سب سے پہلے راجستھان حکومت نے پوری ریاست کو لاک ڈاون کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ وزیر اعلی اشوک گہلوت نے ہفتہ کی رات کو ایک اہم میٹنگ کے بعد پوری ریاست کو 31 مارچ تک لاک ڈاون کرنے کا اعلان کیا تھا ۔
علاوہ ازیں اتوار کو دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کورونا کے خطرے کو دیکھتے ہوئے 23 مارچ سے 31 مارتک تک دہلی کو لاک ڈاون کرنے کا حکم دیا ہے ۔ اس کے تحت ضروری اور بنیادی خدمات کو چھوڑ کر باقی سبھی خدمات پوری طرح بند رہیں گی ۔ آپ کو بتادیں کہ راجدھانی دہلی اور این سی آر میں کورونا کے اثر کو دیکھتے ہوئے پہلے ہی دہلی میٹرو کو 31 مارچ تک بند کردیا گیا تھا ۔
ادھر اترپردیش حکومت نے بھی ریاست کے 15 اضلاع کو لاک ڈاون کردیا ہے ۔ ان اضلاع میں آگرہ ، لکھنو ، گوتم بدھ نگر ، غازی آباد ، مرادآباد ، وارانسی ، لکھیم پور کھیری ، بریلی ، اعظم گڑھ ، کانپور ، میرٹھ ، پریاگ راج ، علی گڑھ ، گورکھپور اور سہارنپور کے نام شامل ہیں ۔ اب 23 مارچ سے 25 مارچ تک یہ سبھی اضلاع پوری طرح سے لاک ڈاون رہیں گے ۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس کا اعلان کیا ۔