دیوبند: 23/مارچ (پریس ریلیز) ملک میں کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ تشویشناک صورت حال کے پیش نظر تمام باشندگان ملک خصوصا مسلمانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ اس سلسلے میں محکمۂ صحت کی طرف سے جاری کر دہ ہدایات کی پابندی کریں اور وطن عزیز کو اس وبا سے محفوظ رکھنے میں تعاون کریں۔
کرونا وائرس کو لیکر انتظامیہ نے جن مقامات میں لاک ڈاؤن یا جنتا کر فیو نافذ کیا ہے اور بھیڑ بھاڑ وغیرہ سے سختی کے ساتھ منع کیا ہے ، ایسے مقامات پر ذمے داران مساجد کو چاہئے کہ مساجد کو غیر آباد (باجماعت نماز سے محروم) ہونے سے بچانے کے لئےکوئی ایسی حکمت عملی اختیار کریں ، جس سے قانون کی پاسداری بھی ہو سکے اور مساجد بھی آباد رہیں اور اس کا حل یہ سمجھ میں آتا ہے کہ جن مقامات پر بھیڑ بھاڑ سے سختی سے منع کیا جارہا ہے ، وہاں امام و مؤذن اور چند اہل محلّہ مسجد میں پانچوں وقت اذان کے ساتھ نماز با جماعت ادا کریں اور دیگر اہل محلہ اپنے اپنے گھروں میں نماز ادا کریں اور جہاں ایس صورت حال نہ ہو وہاں لوگوں کو چاہئے کہ ضروریات اور وضو سے فارغ ہو کر اور سنتیں گھر میں ادا کر کے جماعت کے وقت مسجد آئیں، باہمی فاصلہ سے بیٹھیں اور نماز کے بعد سنتیں گھر جاکر ادا کریں ، ذمہ داران مساجد کو چاہئے کہ مسجد کی صفائی و ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، ہر مسلمان کا یہ عقیدہ ہو نا چاہئے کہ کوئی مرض یا وبا اللہ رب العزت کے حکم کے بغیر کسی کو نہیں لگ سکتی اور وبائی چیزیں انسانوں کے گناہوں کا اثر و نتیجہ ہوتی ہیں، اس لئے تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ اپنی دینی حالت درست کریں ، نمازوں کی پابندی کریں، گناہوں سے پر ہیر کریں اور توبہ و استغفار کریں۔ اللہ تعالی ہم سب کو توفیق عطا فرمائیں۔