دیوبند ،22؍ مارچ(سمیر چودھری)کورونا وائرس کے تئیں دینی مدارس کے ذمہ داران نہایت مستعدی کا مظاہرہ کررہے ہیں،آج ’جنتا کرفیو‘کے دوران دارالعلوم دیوبند کی جانب سے جہاں طلبہ کی بھیڑ ایک جگہ پر جمع نہ ہونے کو لے کر احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے ادارے سے متعلق سبھی مدرسوں میں اجتماعی طور پر امتحان منسوخ کرنے کے احکامات دیئے گئے تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے جنتا کرفیو کی اپیل کے بعد دارالعلوم دیوبند سمیت دیگر مدارس نے بھی آج اپنے یہاں تعطیل رکھنے کا حکم جاری کیا تھا ۔ آج جنتا کرفیو کی وجہ سے دارالعلوم دیوبند کے صدر گیٹ سمیت سبھی چاروں گیٹ بند رہے اور انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کو ادارے سے باہر نہیں نکلنے دیا جس کی وجہ سے طلبہ اپنے اپنے کمروں میں رہ کر امتحان کی تیاریوں میں مشغول رہے۔ اس کے علاوہ دارالعلوم وقف دیوبند، جامعہ امام محمد انور شاہ ، جامعۃ الشیخ حسین احمد المدنی اور دارالعلوم زکریا دیوبند سمیت سبھی مدارس میں طلبہ اپنے اداروں میں موجود رہے۔ جب کہ جنتا کرفیو کی وجہ سے ماں ترپور بالا سندری دیوی مندر کا دروازہ بھی بند رہا، مین بازار میں واقع ٹھاکر دوارہ مندر ، بالا جی دھام سمیت سبھی مندر بند رہے۔ ریلوے روڈ پر واقع گرودوراہ کے دورازے بھی بند رہے اور لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں پوجا پاٹ کرکے کرونا وائرس کے خاتمے کی دعا کی اور مساجد میں بھی دعائوں کا اہتمام کیا گیا ۔