ریاست و ملک

رسول اللہﷺ کی ذات مبارک زندگی کے تمام شعبوں میں انسانیت کے لئیے کامل و مکمل نمونہ ہے

تانڈور: 28؍اکتوبر (پریس ریلیز) مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی کی اطلاع کے بموجب جمعیۃ علماء کوڑنگل،ضلع وقارآباد کے زیر اہتمام کل رات مسجد ابراہیم کوڑنگل میں ایک عظیم الشان جلسہ بعنوان”سیرت محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم”کا انعقاد عمل میں لایا گیا اس اجلاس کی نگرانی ڈاکٹر مولانا عبدالکریم شاہد صاحب نے فرمائی اور صدارت مولانا محمد عبداللہ اظہر صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے فرمائی۔
اس جلسہ سیرت میں بطور مہمان خصوصی جنوبی ہند کے معروف صاحب فیض عالم دین مربّی ملت حضرت شاہ محمد جمال الرحمن صاحب دامت برکاتہم امیر شریعت تلنگانہ وآندھرا نے شرکت فرمائی اور نہایت پرمغز خطاب فرمایا اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حضرت شاہ صاحب نے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت کے اظہار کے لئیے قرآن مجید کی آیات کافی ہیں اور احادیث پاک کا ذخیرہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بلندی مقام کا شاہد ہے اور محققین کہتے ہیں کہ اللہ کی وحدانیت اور نبی کی رسالت کا تذکرہ دنیا میں چوبیس گھنٹے گونجتا رہتا ہے اور چوبیس گھنٹے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھا جاتا ہے۔
اور مولانا نے مزید کہا کہ رسول اللہ کی ذات اقدس نہ صرف اہل اسلام بلکہ ساری انسانیت کے لئیے زندگی کے تمام شعبوں میں کامل و مکمل نمونہ ہے اور دنیا وآخرت کی تمام کامرانیاں اور بھلائیاں انہی کے طرز زندگی کو اپنانے میں مضمر ہے۔
موجودہ حالات میں خاندانی و و نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسلمانوں کے آپسی اتحاد کو موجودہ وقت کی اہم ترین ضرورت قراردیا اور افسوس کا اظہا کرتے ہوئے کہا کہ ان چیزوں کو نظر انداز کردینے کی وجہ سے اسلام دشمن فائدہ اٹھارہے ہیں۔
قبل ازیں مولانا محمد عبداللہ اظہر صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو کھانے پینے اور لباس وغیرہ میں رزق حلال کے اہتمام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رزق حلال کا اہتمام رسول اللہ کی اہم ترین تعلیم اور نیک اعمال کے صدور کا ذریعہ ہے۔
نیز مولانا نے امتیوں پر اپنے نبی کے حقوق کو تفصیلی انداز میں بیان کرتے ہوئے ان حقوق کی ادائیگی کی جانب توجہ مبذول کروائی۔
اس اجلاس میں مولانا قاضی سید شکیل احمد صاحب نظامی مدظلہ ناظم مدرسہ مدینۃ العلوم تانڈور نے بھی شرکت کرتے ہوئے سیرت کی کئی اہم گوشوں پر روشنی ڈالی۔
اجلاس کی کاروائی حافظ محمد یوسف صاحب جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء کوڑنگل نے چلائی۔
مولانا عبدالباسط صاحب رشادی صدر جمعیۃ علماء کوڑنگل اور حافظ محمد نصیرالدین صاحب کی نگرانی میں اس اجلاس کے انتظامات عمدہ طریقے سے ترتیب دئیے گئے۔
اس اجلاس میں تانڈور،پرگی،کشٹاپور،بھمرس پیٹ،دولت آباد اور اڑوس پڑوس کے دیہاتوں سے بڑی تعداد میں احباب نے شرکت فرمائی اور خواتین اسلام کے جم غفیر نے بھی علماء کے بیانات سے استفادہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×
Testing