
عیدگاہ گراؤنڈ مالیگاؤں کی یوم جمہوریہ تقریب میں مسلمان بھر پور حصہ لیں :مفتی محمد اسمٰعیل قاسمی
مالیگاؤں: 25؍جنوری (اشعر عبداللہ) ہندوستان کا دستور غیر مذہبی و سیکولر ہو یہ ہمارے اکابرین کی محنتوں کا ثمرہ و نتیجہ ہے، لیکن آج اس دستور کو بھگوا رنگ میں رنگنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسے حالات میں دستور کو بچانے کی ہم سب کی ذمہ داری ہے، دستور رہے گا تو ہم رہے گے، دستور رہے گا تو دیش رہے گا ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب نے کیا انہوں کا کہ 15 اگست اور 26 جنوری کے سرکاری پروگراموں میں ہمارے شریک نہ ہونے کی وجہ سے برادرانِ وطن یہ پیغام دیتے ہیں کہ ملک کی آزادی مسلمانوں کا کوئی حصہ نہیں ہے تب ہی مسلمان ان جیسے پروگراموں میں شرکت نہیں کرتے اور سوئے ہوئے رہتے ہیں، لہذا اس سال 26 جنوری کے موقع پر دستور کی سلامتی اور اس کی بقاء و حفاظت کیلئے عیدگاہ پر ہونے والے سرکاری پروگرام میں مسلمان بڑی تعداد میں شرکت کریں اور عیدگاہ کا پورا گراؤنڈ کو بھردیں، تاکہ ہماری یہ شرکت ایک طریقہ کا احتجاج ہو اور اس کی آواز دہلی تک پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دستور بچاؤ کمیٹی کے جانب سے 70 مقامات پر ہونے والی رسم پرچم کشائی اور حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں اور اس بات کا عہد کریں کہ ہم ہندوستانی ہیں اور ہندوستان کی حفاظت کرنا ہمارا فرض منصبی ہے۔