حیدرآباد و اطراف

تلنگانہ عوام 24/گھنٹے جنتا کرفیو میں حصہ لیں، وزیر اعلی کے سی آر نے کی اپیل

حیدرآباد: 21/مارچ (ذرائع) وزیر اعظم نریندر مودی کی 14/گھنٹے جنتا کرفیو کی اپیل کے بعد ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ نے بھی عوام سے اپیل کی کہ 24/گھنٹے تک اپنے گھروں میں ہی رہیں اور جنتا کرفیو کو کامیاب بنائے۔ اس جنتا کرفیو کا مقصد تلنگانہ میں مہلک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنا ہے اور احتیاطی اقدامات کے طور پر کیے جارہے اقدامات میں سے جنتا کرفیو بھی ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 22مارچ کی صبح 6 تا 23مارچ صبح 6 بجے تک 24 گھنٹے ’ جنتا کرفیو ‘ کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک 12 گھنٹوں کے ’ جنتا کرفیو‘ کا اعلان کیا تھا لیکن کے سی آر نے کہا کہ ہم تلنگانہ کو نہ صرف ملک بلکہ دنیا کیلئے مثالی ثابت کرنا چاہتے ہیں اسی لئے ہم 24 گھنٹے کا ’ عوامی کرفیو ‘ منائیں گے جس کے تحت ہر شخص کو اپنے گھر میں رہنے کی وہ ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتے ہیں۔ پرگتی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ اتوار کی صبح سے ریاست بھر میں آر ٹی سی بسیں بند رہیں گی۔ اس کے علاوہ خانگی ٹرانسپورٹ جیسے کار اور آٹو رکشاز بھی نہیں چلیں گے۔ مرکزی حکومت نے پہلے ہی ٹرینوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے اسی طرح حیدرآباد میں میٹرو ٹرین کی خدمات بند رہیں گی۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ پٹرول بنکس، دودھ، ترکاری، میڈیکل شاپس کے علاوہ برقی، پانی، سیوریج جیسی ضروری خدمات بدستور جاری رہیں گی۔ فائر سرویسیس، پولیس کے علاوہ ہاسپٹلس کھلے رہیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 24 گھنٹوں کے ’ عوامی کرفیو ‘ کا مقصد وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی کوشش کرنا ہے۔ عام طور پر ہجومی مقامات سے وائرس پھیلنے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے گھر تک محدود رہتے ہوئے وائرس سے نمٹنے میں اپنا رول ادا کرنا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیگر ریاستوں کی آر ٹی سی بسوں کو تلنگانہ میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی انہیں سرحد پرہی روک دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر ریاستوںسے تلنگانہ پہنچنے والے افراد کیلئے طبی جانچ لازمی کردی گئی ہے اور جو کوئی اس سے بچنے کی کوشش کرے پولیس انہیں اپنی تحویل میں لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک ہی نہیں بلکہ دنیا کی بھلائی کیلئے ہمیں اس مہم میں حصہ لینا چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ڈپو میں 5 بسوں کو عملے کے ساتھ تیار رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ 5 ٹرینیں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں گی۔ اگر ڈاکٹرس یا میڈیکل ٹیموں کو منتقل کرنا پڑے تو ان کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے تمام دکانات، مالس اور دیگر تجارتی اداروں سے کرفیو میں حصہ لینے کی اپیل کی اور کہا کہ روز مرہ کی ضرورتوں سے متعلق دکانات کو اجازت رہے گی جن میں گوشت، ترکاری، دودھ اور ادویات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک نے احتیاطی قدم نہیں اٹھائے وہاں مرض نے تباہی مچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو دن بعد مہاراشٹرا میں وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور ضرورت پڑنے پر مہاراشٹرا سے متصل تلنگانہ کی سرحد کو مکمل بند کرنے کا فیصلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا سے متصل عادل آباد اور نظام آباد کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اسی لئے مہاراشٹرا کی صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو گھومنے کی اجازت رہے گی لیکن وہ میڈیا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی شخص سے ایک میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے 21 کیسیس کا پتہ چلا ہے۔ حکومت نے 5247 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ کے سی آر نے 60 سال سے زائدعمر کے افراد اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو کم از کم دو ، تین ہفتے گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ دنیا بھر میں زیادہ تر اموات 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی ہوئی ہیں۔ نوجوان اس سے مرض سے بچ سکتے ہیں لیکن ضعیفوں کیلئے خطرہ زیادہ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے تلنگانہ حکومت کی اپیل پر حیدرآباد میں موجود سائنسی تحقیقی ادارہ CCMB میں وائرس کے ٹسٹ کی اجازت دے دی ہے۔ تلنگانہ حکومت اب اس ادارہ کی خدمات حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ملک کیلئے مثال بننا چاہیئے لہذا میں دونوں ہاتھ جوڑ کر عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تعاون کریں۔ حکومت وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے اور کتنے ہی سو کروڑ خرچ کیوں نہ ہوں ہم اس کے لئے تیار ہیں۔ ایرپورٹ پر بیرونی ممالک سے آنے والے افراد پر نظر رکھی جارہی ہے کیونکہ بیرونی افراد سے اصل مسئلہ ہے۔ ابھی تک 20 ہزار سے زائد افراد بیرونی ممالک سے تلنگانہ پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دواخانوں میں ادویات، ماسکس اور ضروری آلات دستیاب ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہاکہ وزیر اعظم کی اپیل کے احترام میں اتوار کو شام 5 بجے ملک بھر سے اظہار یکجہتی کے طور پر ہر شخص اپنے گھر سے نکل کر چند منٹ کیلئے تالی بجائے۔ 5 بجے حکومت کی جانب سے سائرن بجایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر میں بیرونی ملک سے تعلق رکھنے والے 10 افراد میں وائرس کا پتہ چلا ہے جبکہ دوسرے تمام محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر دیگر ریاستوں کی سرحدوں کو بھی بند کیا جائے گا اتنا ہی نہیں اگر حالات مزید سنگین ہوتے ہیں تو مکمل شٹ ڈاون کا اعلان کیا جاسکتا ہے اور حکومت عوام کو ضروری اشیاء گھروں تک سربراہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان آنے والے بیرونی افراد کا کوئی قصور نہیں ہے وہ ویزاحاصل کرکے آئے ہیں وہ کوئی درانداز نہیں جن پر اعتراض کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے سلسلہ میں بیرونی افراد کو ذمہ دار قرار دینا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت روز مرہ مزدوری کرنے والے افراد کے تحفظ کیلئے تیار ہے۔ مکہ مسجد میں نماز کے موقع پر ہجوم کے بارے میں توجہ دلانے پر چیف منسٹر نے کہا کہ مسلمانوں کی مذہبی شخصیتوں نے مجھ سے ملاقات کی اور مساجد میں کم ہجوم کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علماء و مشائخین کی اپیل کے مطابق مساجد میں اجتماعات پر کنٹرول کیا جائے گا۔چیف منسٹر نے بتایا کہ کریم نگر میں بیرون ملک کے افراد میں وائرس کا پتہ چلنے کے بعد ہنگامی طور پر جانچ شروع کی گئی۔ 50 ہزار افراد کا ابھی تک معائنہ کیا گیا لیکن ایک بھی متاثر پایا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ جس آٹو میں بیرونی افراد نے سفر کیا تھا وہ آٹو ڈرائیور بھی وائرس سے پاک پایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں مزید افراد کی جانچ جاری ہے۔ یہ خوش قسمتی ہے کہ بیرونی افراد کے عوام میں گھل مل جانے کے باوجود کوئی بھی متاثر نہیں ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×