تلنگانہ؛ نرمی کے اوقات میں اضافے نے سڑکوں اور بازاروں کی گہما گہمی کو کم کردی
حیدرآباد: 31؍مئی (عصرحاضر) تلنگانہ میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع کے ساتھ ہی مزید تین گھنٹوں کی نرمی نے آج سڑکوں اور بازاروں کی پچھلے دو ہفتہ سے جاری گہما گہمی کو کم کردیا۔ پچھلے دو ہفتوں سے صبح چھ بجے سے صبح دس بجے تک نرمی کے اوقات میں سڑکوں پر بھاری ٹریفک دیکھی جارہی تھی تاہم آج نرمی کے اوقات میں اضافہ کے بعد شہر کی بڑی سڑکوں پر معمولی ٹریفک دیکھی گئی۔
نرمی کے اوقات دوپہر 1 بجے تک اور اس کے بعد مزید ایک گھنٹہ کے وقفے سے دوپہر 2 بجے تک ، باہر کی ضروریات یا سرگرمیوں سے فارغ ہوکر گهر واپس ہونے والوں کو وہ دقت پیش نہیں آئی جو پچھلے بیس دنوں سے جاری تھی۔ لوگ سکون کے ساتھ اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔
ٹفن مراکز ، سڑک کے کنارے کھانے ، پھل اور سبزی منڈیوں میں صبح کے اوقات عوام کا ہجوم کم دیکھا گیا، جس میں چیتنیاپوری میں فروٹ منڈی بھی شامل ہے۔ 12 مئی کے بعد پہلی بار ، برانڈڈ لباس کے اسٹورز بھی اچھا کاروبار کرتے نظر آئے۔ بڑی سڑکوں پر زیادہ تر دکانیں ، جیسے ونستھلی پورم سے دلسکھ نگر ، ایل بی نگر تا اپل وغیرہ تک کھلی ہوئی تھیں اور تیزی سے کاروبار کرتے ہوئے دکھائی دئیے۔
نرمی کے وقت میں اضافے نے کرانہ اسٹورز اور سپر مارکیٹوں میں بھی رش کم کردیا کیونکہ وہاں اتنا ہجوم نہیں دیکھا گیا جتنا کہ کہ وہ گذشتہ ہفتوں میں دیکھا گیا۔