آئینۂ دکن

تلنگانہ کے کاغذنگر میں شیر کے نظر آنے سے سنسنی‘ عوام کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ

حیدرآباد19 نومبر(یواین آئی)تلنگانہ کے ضلع کومرم بھیم آصف آباد کے کاغذنگر ٹاون میں ایک مرتبہ پھر شیر کے نظرآنے سے مقامی افراد میں خوف پایاجاتا ہے۔یہ شیر، ایک تالاب کے قریب نظرآیا۔اطلاعات کے مطابق ایک کسان نے اس کو دیکھا، اس کسان نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو چوکس کیا جس کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیدار وہاں پہنچے اور اس کے پنجوں کے نشانات کی جانچ کی اوراس کی تلاش کاکام شروع کردیا۔ اس واقعہ کے ساتھ ہی مقامی افراد میں تشویش کی لہردوڑگئی جنہوں نے کہاکہ شیر کی موجودگی کے سبب وہ اپنے مکانات سے باہر نکلنے سے خوفزدہ ہیں۔اس شیر کی ویڈیو، سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئی ہیں۔ تلنگانہ کے وزیرجنگلات اندراکرن ریڈی نے کاغذنگر ٹاون میں حالیہ چند دنوں کے دوران شیر کے نظرآنے کے واقعات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ حالیہ دنوں کے دوران پڑوسی ریاست سے تلنگانہ کے جنگلاتی علاقوں میں شیروں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے ایک تلگو ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ جنگلات اس خصوص میں اقدامات کررہا ہے تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔انہوں نے عوام کو چوکسی اختیار کرنے اور جنگل میں نہ جانے کا بھی مشورہ دیا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو چوکس کردیاگیا ہے۔تمام علاقوں میں محکمہ جنگلات کے بیٹ آفیسرس،الرٹ ہیں۔انہوں نے کہاکہ گھنے جنگلاتی علاقہ میں عوام کو جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ کوال ٹائیگر ریزرو کے اطراف کے علاقوں میں رہنے والوں کاجبری طورپر تخلیہ نہیں کروایاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان افراد کے لئے بجلی اور دیگر بہتر سہولیات کیلئے ان کو دیگر مقامات پر ان کی مرضی پر منتقل کیاجائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×