آئینۂ دکن

تلنگانہ میں عازمین حج کی روانگی کا آغاز 20 جون سے ہوگا، حج ہاؤز میں تمام تیاریاں مکمل

حیدرآباد:15؍جون (عصرحاضر) تلنگانہ حج کمیٹی نے حج ہاؤز میں عازمین حج کے قافلوں کو روانہ کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، تلنگانہ سے خوش نصیب عازمین فریضۂ حج کی ادائیگی کیلئے حج ہاوز میں آمد کا 18 جون کو آغاز ہوگا۔ 20 جون سے عازمین کے قافلوںکی پرواز کا سعودی ایر لائنس کی فلائیٹس سے آغاز عمل میں آئے گا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے اپنے طور پر عازمین حج کیلئے مرکزی تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا تھا۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور، مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، ایڈیشنل ڈی سی پی سنٹرل زون رمنا ریڈی، حج کمیٹی کے ارکان سید غلام احمد حسین، محمد جعفر خان، سید نظام الدین، عاصمہ سلطانہ، ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے عازمین حج کی رہنمائی کی۔ علماء نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران عبادات پر خاص توجہ مرکوز کریں۔ مناسک حج کے بارے میں مکمل معلومات کے ساتھ جائیں تاکہ ایام حج کے دوران دشواری نہ ہو۔ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی ہر مسلمان کی عین خواہش ہوتی ہے۔ عازمین حج خوش قسمت ہیں کہ ان کا جاریہ سال حج کیلئے انتخاب عمل میں آیا ہے۔ انہوں نے عازمین سے کہا کہ وہ حج کے دوران دنیاوی امور سے دوری اختیار کرتے ہوئے اپنا زیادہ تر وقت عبادتوں میں صرف کریں۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے حکومت کی جانب سے تمام انتظامات کا تیقن دیا اور کہا کہ حکومت عازمین کی روانگی سے واپسی تک انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ عازمین کی سہولت کیلئے 18 جون سے کنٹرول روم قائم کیا جارہا ہے جو عازمین کی واپسی تک کارکرد رہے گا۔ انہوں نے حج کیمپ کے انعقاد میں تمام محکمہ جات کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت تلنگانہ میں سیکولر حکومت ہے اور ریاست میں امن وامان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا ماحول ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ اور ایر پورٹ پر عازمین کیلئے بہتر انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ آندھرا پردیش کے تمام عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ ٹاملناڈو اور مہاراشٹرا کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین کی روانگی حیدرآباد سے عمل میں آئے گی۔ر

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×