آئینۂ دکن

صفا بیت المال کے نائب صدر کا دورۂ دہلی‘ متاثرین سے ملاقات اور امدادی کام جاری

حیدرآباد: 4؍مارچ (راست) حافظ مبشر خان انچارج دفتر کی اطلاع کے مطابق صفا بیت المال انڈیا کے نائب صدر مفتی عبدالمہیمن اظہرالقاسمی، حافظ وسیم احمد اور جناب شیخ مُنّا صاحب نے ۴ ؍ مارچ ۲۰۲۰ء سے دہلی فساد متاثرین سے ملاقات، کیمپوں کے مشاہدہ اور زمینی سطح پر حالات کے جائزہ کا آغاز کیا۔ وقف بورڈ کی سرپرستی میں حالیہ دردناک فسادات سے متاثرہ افراد کیلئے نیو مصطفی آباد کے عیدگاہ میں کیمپ لگا ہوا ہے۔ صفا بیت المال کی ٹیم نے اس کیمپ کا دورہ کیا اور اپنے ان تاثرات کا اظہار کیا کہ مخدوش فساد زدہ علاقوں سے اپنی جان بچاکر آئے لوگوں میں خوف کا ماحول ہے اور وہ فی الوقت اپنے مکانات جانے کیلئے ذہنی طورپر تیار نہیں ہیں۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے کیمپوں کے متاثرین کی خورد و نوش اور کپڑوں وغیرہ سے وافر مقدار میں امداد ہورہی ہے۔ ان متاثرین کی بازآبادکاری اہم مسئلہ ہے جس کے بارے میں ابھی اندازہ مشکل ہے۔ ایک ہفتہ بعد ماحول کی کشیدگی مکمل طورپر جب ختم ہوجائے گی تو ان کی بازآباد کاری کے سلسلہ میں منصوبہ بنایا جاسکتا ہے۔ فساد سے متاثرہ کاروباریوں کی امداد بھی ایک اہم مسئلہ ہے جو دنگائیوں کے حملہ کی وجہ سے اپنے اصل اثاثہ سے محروم ہوگئے ہیں۔ صفا بیت المال مقامی تنظیم نظامیہ چیرٹیبل ٹرسٹ کی رہنمائی میں ان دنوں کام کررہا ہے جو حضرت نظام الدین اولیاء سے منسوب ہے۔ مفتی عبدالمہیمن اظہر القاسمی نے اس شخص کے افراد خاندان سے ملاقات کی جس کو دنگائیوں نے کاٹ کر ندی میں ڈال دیا تھا جس کی نعش کل ملی تھی جسکی تدفین آج عمل میں آئی۔ اس خاندان کی مالی امداد بھی کی گئی۔ اہلِ خیر حضرات سے اپیل ہے کہ نقد رقم سے امداد کریں۔ سیل نمبر 9394419821 یا 24551314 پر ربط کریں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×