حیدرآباد و اطراف

صفا بیت المال انڈیا کی جانب سے بارش سے متاثرہ 70 غریب لڑکیوں میں 14 لاکھ روپئے کی امداد تقسیم

حیدرآباد: 20؍نومبر (پریس ریلیز) ہندوستان کا معروف و مثالی اور رفاہی و فلاحی ادارہ صفابیت المال انڈیا کی خدمات گزشتہ پندرہ سالوں سے مسلسل جاری ہیں۔ صفا بیت المال وہ ادارہ ہے جس کے پاس اہل خیر سے حاصل ہونے والی امداد کو حقیقی مستحقین و متاثرین تک پہنچانے کے لئے موثر و منظم سروے کا مثالی نظام قائم ہے ۔حالیہ موسلادھار بارش نے جو سیلابی شکل اختیار کی اس سیلاب میں جہاں مکانات کی قیمتی اشیاء واملاک تباہ ہوئے اور سینکڑوں کاروباریوں کا راس المال ضائع ہوگیا وہیں یہ سیلاب ان غریب سرپرستوں کے لئے انتہائی صدمہ کا باعث ثابت ہوگیا جنہوں نے اپنے معصوم بچیوں کی شادیوں کے لئے برسوں سے متعدد و مختلف چیزیں جمع کی تھیں۔چاہے وہ کپڑے ہوں یا برتن ، سونا ہو یاچاندی ، الیکٹرانک اشیاء ہوں یا نقد رقم یہ ساراسازو سامان یا تو بہہ گیا یا پانی کے جمع ہونے سے ضائع ہو گیا۔صفا بیت المال انڈیا نے ان حالات میں جہاں دیگر خدمات کا سلسلہ جاری رکھا ہے وہیں ان غریب و معصوم بچیوں کی شادی کیلئے امداد کا سلسلہ شروع کیا۔ ایسے خاندان جن کی بچیوں کی شادی کا ساز و سامان سیلاب کی نذر ہو گیا ان کی سروے ٹیم کے ذریعہ تحقیق کی گئی اور ستر غریب لڑکیوں کے لئے فی کس بیس ہزار روپئے تقد یا سامان کی شکل میں مختلف مراحل میں امداد کی گئی ۔ صفا بیت المال انڈیا کی جانب سے اس مد میں اب تک 14 لاکھ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ان تمام مستحقین میں فی کس 50؍کیلو چاول بھی دئیے گئے۔ جن 70 غریب متاثرہ لڑکیوں کی شادی میں امداد کی گئی ان کا مندرجہ ذیل متاثرہ علاقوں سے تعلق ہے : آصف نگر ، یاقوت پورہ، تالاب کٹہ، عثمان نگر، گولکنڈہ، نبیل کالونی، بابا نگر ،عمر کالونی، غازیٔ ملت کالونی ، کتہ پیٹ، الجبیل کالونی، گلشن اقبال کالونی، اسماعیل نگر، بنڈلہ گوڑہ اور جل پلی ۔جن غریب و مستحق لڑکیوں کی شادی میں امداد کی گئی ان میں سے بعض ایسے گھرانے بھی تھے جن پر آئی مصیبت نے ذمہ داران کی آنکھوں سے آنسو بہادیئے۔ کسی بچی کے باپ کا اس سیلاب میں انتقال ہو ا تو کسی کے بھائی کا انتقال ہو گیا، کسی کا سونا بہہ گیا تو کسی کی نقد رقم بہہ گئی، کسی کے قیمتی کپڑے پانی میں ضائع ہو گئے تو کسی کی الیکٹرانک اشیاء جو مدت سے جمع کر کے رکھے تھے تباہ ہو گئے ۔ ٹرسٹیان صفا بیت المال نے ان تمام بہی خواہوں کا شکریہ اداکیا ہے جو ان معصوم بچیوں کی خوشی کا باعث بن گئے اور ان کے تعاون سے ان کی خوشیاں بحال ہو گئیں۔ادارہ ان تمام اہل خیر کا ممنون و مشکور ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×