وزیر اعظم نریندر مودی کی 26؍مئی کو حیدرآباد آمد، سخت سیکوریٹی انتظامات،
وزیر اعلی کے سی آر نے پروگرام میں شرکت سے معذرت کرلی
حیدرآباد: 25 مئی (عصرحاضر) وزیر اعظم نریندر مودی کے 26 مئی کو دورہ حیدرآباد کے پیش نظر پولیس کی جانب سے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں اور گچی باؤلی کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں ٹریفک تحدیدات عائد کی گئیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی انڈین اسکول آف بزنس کے قیام کی 20 سالہ تقاریب میں شرکت کریں گے اور طلبہ سے خطاب کریں گے۔ پولیس نے 25 مئی کو دوپہر 12 بجے سے 26 مئی کی شام 6 بجے تک انڈین اسکول آف بزنس کے اطراف 5 کیلو میٹر تک تحدیدات عائد کردی ہیں۔ اسی دوران اسکول کے ڈین مدن پلوٹلہ نے بتایا کہ وزیر اعظم 900 طلبہ سے خطاب کریں گے۔ 20 ویں کانوکیشن میں حیدرآباد کیمپس اور موہالی کیمپس کے طلبہ شرکت کریں گے۔ موہالی کیمپس کے طلبہ کی تعداد 300 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم ٹاپرس کو گولڈ میڈل حوالے کریں گے۔ دوسرے دن علحدہ تقریب میں طلبہ کو سرٹیفکیٹس حوالے کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو کانوکیشن میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم انہوں نے اپنے طئے شدہ دورہ کے پیش نظر شرکت سے معذرت کرلی ہے۔ وہ کسی سینئر کابینی وزیر کو نمائندہ کے طور پر روانہ کریں گے۔ مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی اور گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کانوکیشن میں شرکت کریں گے۔ اسی دوران ریاستی بی جے پی نے وزیر اعظم کے استقبال کی بڑے پیمانے پر تیاریاں کرلی ہیں۔ ایر پورٹ اور انڈین اسکول آف بزنس تک جگہ جگہ خیرمقدمی کمانیں اور ہورڈنگس نصب کئے جائیں گے۔ قیام کے دوران توقع ہے کہ نریندر مودی تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کو ملاقات کا موقع دیں گے۔