آئینۂ دکن

اسلامی عقائد وتعلیمات میں تحریف وتبدیلی کی سازشوں کو روکنے کے لئے اسوۂ صدیقی کی ضرورت

حیدرآباد: 6؍جنوری (راست) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اخری نبی ہونا، یہ آپﷺ کا عظیم منصب اور اعزاز ہے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان ختم نبوت میں رتی برابر تحریف ایک سچے مسلمان کےلئے ناقابل قبول اور ناقابل بررداشت ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ نے مسجد آمنہ پیراماؤنٹ کالونی ٹولی چوکی میں مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ وآندھرا پردیش کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ تربیتی پروگرام میں اپنے صدارتی خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مولانا نے کہا کہ آج ہماری ذات پر حرف آجائے تو ہم بھر پور طریقہ سے اور پر زور انداز میں اس کا جواب دینے میں کوتاہی نہیں کرتے ۔ لیکن جب خود کو احمدیہ مسلم جماعت کہنے والا قادیانی فرقہ ‘ آقا دو جہاں نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی شان ختم نبوت کو مجروح کرتا ہے تو ہم اس کے موثر اور منہ توڑ جواب دینے میں پیچھے رہ جاتے ہیں ۔ مولانا نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کے سلسلہ میں اللہ تعالی اگر ہم سے کچھ خدمت لے لیں تو یہ ہمارے لئے عین سعادت وخوش نصیبی ہے محلہ میں چوری کے واقعات ہونے پر سب لوگ ہوشیار وچوکنا ہوجاتے ہیں آج گمراہ وباطل فرقے ہمارے ایمان پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں اس لئے ہمیں مسلسل ہوشیار اورجاگتے رہنے کی ضرورت ہے ۔ مولانا محمد عبد القوی خازن مجلس تحفظ ختم نبوت نے کہا کہ خلیفہ اول سیدنا حضرت ابو بکر صدیق ؓ کے زمانۂ خلافت میں دینی تعلیمات کو بدلنے اور اس میں تحریف کرنے کی مختلف کوشش کی گئیں۔ جھوٹے مدعی نبوت مسیلمہ کذاب کے فتنہ نے بھی سرابھارا ۔ حضرت ابو بکر ؓ نے دینی غیرت اور ایمانی حمیت وحرارت کے ساتھ ان تمام فتنوں کا قلع قمع کیا ۔ مولانا نے کہا کہ باطل پرست اور فتنہ پرداز لوگ قرآن وحدیث کا حوالہ دے کر دھوکہ دیتے ہیں لیکن یہ بات ہمیں اچھی طرح یاد رکھنا ہوگا کہ ہمارے لئے قرآنی آیات اور احادیث کا وہی مفہوم حجّت ہے جو صحابہ کرام ؓ اور سلف صالحین نے سمجھاہے ۔ ہر ایرے غیرے نتھو خیرے کے فہم کا کوئی اعتبار نہیں ۔مولانا محمد ارشد علی قاسمی سکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت نے کہا کہ اس وقت عام مسلمان بالخصوص نوجوان ارتداد کے چوراہے پر ہے فکری ارتداد ہے مسلمان اسلامی قوانین کی حقانیت اور معقولیت کے سے متعلق شکوک وشبہات میں مبتلا ہیں ‘ دشمنانِ اسلام کی طرف سے نت نئے اعتراضات ان کے ذہن ودماغ میں پیدا کئے جارہے ہیں ۔ اعتقادی ارتداد بھی ہے گمراہ اور خارج اسلام فرقوں کی طرف سے مسلمانوں کو ان کے عقیدوں کے بارے میں کنفیوژن کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ مذہبی ارتداد ہے ۔ غیر مسلم لڑکوں کے ساتھ مسلم لڑکیوں کی شادی کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں ’ مولانا نے کہا کہ علماءکرام اور دینی خدام کےلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی دیگر ذمہ داریوں کو ادا کرتے ہوئے مسلمانوں کو ہر طرح کے ارتداد سے بچانے کی پوری کوشش کریں ۔ قبل ازیں مولانا وجیہ الدین قاسمی نے فیاض کے فتنہ سے متعلق تفصیلی روشنی ڈالی ‘ تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول سے پروگرام کا آغازہوا ۔ مولانا انصار اللہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت نے کاروائی چلائی ۔ مولانا سید مصباح الدین حسامی ‘ حافظ عمر فیضی اور ان کے رفقاءنے انتظامات میں حصہ لیا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×