آئینۂ دکن

باطل طاقتوں کی یلغار سے مسلمانوں کی اجتماعی قوت میں مزید اضافہ ہوگا

حیدرآباد: 28؍اکٹوبر (پریس ریلیز) جو مسلمان ہندوستان کے موجودہ حالات سے متاثر ہوکر مایوسی ، گھبراہٹ، دہشت، خوف اور پست ہمتی کی باتیں کررہے ہیں وہ نادان اور نا اہل لوگ ہیں۔ کسی بھی قوم پر ناموافق حالات کا آجانا مصائب اور پریشانیوں میں گرفتار ہوجانا اس قوم کا آخری نتیجہ یا انجام نہیں ہوتا بلکہ یہ ناموافق حالات اور مصائب اور پریشانیاں اس قوم کے مردہ ضمیر اور حمیت کو جگانے اور زندہ کرنے کے لئے آتی ہیں۔ یہ بات صد فی صد یقین اور وثوق کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ ہندوستانی مسلمانوں کا مستقبل شاندار ، تابناک اور روشن رہے گا اور باطل طاقتوں کی یلغار سے مسلمانوں کی اجتماعی قوت میں مزید اضافہ ہی ہوگا بشرطیکہ ہندوستانی مسلمان پوری طرح جاگ جائیں اور اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور ماضی کی اپنی کوتاہیوں اور خامیوں پر غور کریں اور اپنے آپ کو ملت کے تئیں وقف کرنے کا جذبہ اپنے دلوں میں رکھیں اور خواب غفلت سے بیدار ہوکر ملت کی ترقی و کامیابی کے لئے مثبت انداز میں عملی اقدامات کرنے کا پختہ ارادہ اور عزم کرلیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا غیاث احمد رشادی نے منبر و محراب فاؤنڈیشن اور ہیلپ لائن حیدرآباد کے اشتراک سے مسجد محمدیہ سلطان نگر ایرہ گڈہ میں منعقدہ ائمہ و خطباء و ذمہ دارانِ مساجد کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ ہم مدنی معاشرہ کی اس تاریخ کو اپنے علاقہ میں زندہ کریں اور اپنی مساجد کو سماج سے مربوط کرنے کے منصوبے بنائیں۔ مسجدیں سماج کے مراکز ہیں، سماج کے ہر فرد کا مقامی مسجد سے تعلق ناگزیر ہے جس کے بغیر اس قوم کی سلامتی ، نجات اور کامیابی ناممکن ہے۔ مفتی عبدالمہیمن اظہر القاسمی نائب صدر صفا بیت المال نے اپنے خطاب میں جنگ تبوک اور جنگ بدر کے پس منظر میں سامعین کو اس بات کی جانب راغب کیا کہ وہ توکل اور انابت الی اللہ کو اپنی زندگی سے جدا نہ کریں۔ مفتی احسان احمد صدیقی جنرل سکریٹری ہیلپ لائن حیدرآباد نے مساجد کو سماج کے مرکز کی حیثیت کس طرح دی جاسکتی ہے اور مسجد کے ماحول میں سماجی خدمات کس طرح انجام دی جاسکتی ہیں اس کو پریزنٹیشن کے ذریعہ سمجھایا۔ عرفان احمد صدیقی نے این آر سی سے متعلق معلومات پر مبنی اہم ترین خطاب کیا اور معاشی اور تعلیمی اعتبار سے مسلمانوں کی کیا حالت ہے اور اس کے سلسلہ میں مسلمانوں کو کیا کرنا چاہئے رہبری و رہنمائی فرمائی۔ مفتی رفیع الدین رشادی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور شرکاء سے گزارش کی کہ وہ مساجد میں ایسے سنٹرس قائم کریں جن سے مسلمانوں کی رہنمائی ہو۔ مسجد محمدیہ سلطان نگر کی انتظامی کمیٹی کے صدر محترم جناب احمد خان صاحب نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔ حافظ سید شعیب، مولانا شہاب الدین عبد الرحمن اور حافظ وسیم وغیرہ نے بحسن و خوبی انتظامات میں حصہ لیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×