آئینۂ دکن

یومِ عاشقاں کا بھارتی اور اسلامی تہذیب سے کوئی تعلق نہیں

حیدرآباد: 12؍فروری (پریس ریلیز) ویلنٹائن ڈے یعنی یومِ عاشقاں منانے کی گنجائش نہ ہی ہمارے ملک بھارت کی تہذیب میں ہے او رنہ ہی ہمارے مذہب اسلام سے اس کا کوئی تعلق ہے۔ بے حیائی پر مبنی یہ بدترین طریقہ جو بیرونی ممالک سے سفر کرتے ہوئے ہمارے ملک پہنچا ہے انصاف کا تقاضا یہی ہے کہ اس نامعقول اور بدترین طریقہ کو ملک بدر کردیا جائے۔ ہمارے بھارت کے باشندے چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں ان کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ مغربی ممالک کی رائج کردہ اس فرسودہ طریقہ کو اپنے ملک میں زندہ کریں یا زندہ رہنے دیں۔یومِ عاشقاں کا بھارتی اور اسلامی تہذیب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کے بانی و محرک مولانا غیاث احمد رشادی نے اپنے صحافتی بیان میں کیا اور کہا کہ ۱۴؍فروری کو ہر سال مغربی ممالک میں بالخصوص بڑی دھوم سے ویلنٹائن ڈے یعنی یومِ عاشقاں منایا جاتا ہے ، افسوس کہ یہ بدترین طریقہ ہمارے مشرقی ممالک میں بھی جڑ پکڑتا جارہا ہے، چونکہ عاشقوں کی طرف منسوب کرتے ہوئے عالمی پیمانہ پر ایک مخصوص دن منانا او راس دن میں بے حیائی کی حدوں کو پار کرنا اور بے شرمی اور بے حیائی میں جانوروں سے بھی بدتر بن جانا ہماری ملکی اور مذہبی تہذیب کے مغائر ہے۔ اس لئے ذمہ دار قسم کے احباب کو چاہئے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ اور طبقہ کے نوجوانوں کو اس بدترین رواج کے مضر اثرات سے آگاہ کریں۔ مسلم نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ پیارے پیغمبر ﷺ کی تعلیمات پر غور کریں۔ آپ ﷺ نے حیاء و پاکدامنی کو ایمان کا جز قرار دیا ہے اور آپ ﷺ نے یہ بھی فرمایا کہ جو حیاء نہ کرے وہ جو چاہے کرے۔ فارسی کا مقولہ ہے کہ بے حیا باش ہرچہ خواہی کن ( بے حیاء ہوجا اور جو چاہے کرنے لگ جا) ۔ حیاء داری ایک ایسی چہاردیواری ہے جس سے آدمی بہت سے گناہوں سے محفوظ رہتا ہے ، لیکن اگر حیاء کی یہ دیوار کسی قوم یا فرد کی زندگی میں منہدم ہوجاتی ہے تو پھر تو اس کی انسانیت ہی باقی نہیں رہے گی۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے مساجد کے ائمہ و خطباء سے درخواست کی کہ وہ جمعہ کے موقع پر ویلنٹائن ڈے کی حقیقت اور اس کے مضر اور بھیانک نتائج و اثرات پر روشنی ڈالیں اور نوجوانوں کے خوابیدہ ضمیروں کو جھنجوڑیں او رانہیں ایسی حرکتوں سے باز رہنے کی تلقین کریںتاکہ مسلمانوں کی غلط تصویر غیروں تک نہ پہنچے۔ ہمارے لئے رسولِ رحمت ﷺ کی زندگی نمونہ ہے۔ جن بے حیاء اور بے غیرت لوگوں نے بے حیائی پر مبنی رسمیں ایجاد کی ہیں ان کا ہماری زندگی سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہئے۔ واضح ہوکہ منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کی جانب سے ائمہ و خطباء کیلئے اس مرتبہ بے حیائی کا عالمی دن اور نوجوان نسل کی بے راہ روی پر جامع خطبہ تیار کیا گیا ہے اور ملک کے سات ہزار سے زائد ائمہ و خطباء تک ارسال کیاگیا ہے ۔ جو ائمہ یہ خطبہ چاہتے ہوں وہ سیل نمبر 9989666811 پر بذریعہ واٹس ایپ مسیج کریں۔ یہ خطبہ ویب سائٹ www.mmfi.info پر بھی ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×