ملک گیر سطح پر لاک ڈاؤن میں 30؍ جون تک توسیع‘ اس لاک ڈاؤن کو حکومت نے ان لاک 0.1 کا نام دیا ہے
نئی دہلی: 30؍مئی (عصر حاضر) مرکزی حکومت نے لاک ڈاون 5.0 کے لئے گائڈ لائن جاری کرتے ہوئے ایک ماہ کے لئے لاک ڈاون کو بڑھا دیا ہے۔ ملک میں 30 جون تک لاک ڈاون جاری رہے گا۔ وزارت داخلہ نے گائڈ لائن جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کنٹنمنٹ زون میں مرحلہ وار طریقے سے چھوٹ دی جائے گی۔ واضح رہے کہ پورے ملک میں کورونا وائرس کے کل معاملے 173,763 ہوگے ہیں۔ ہفتہ کو وزارت صحت کے ذریعہ جاری اعدادوشمار کے مطابق کووڈ-19 کے سبب مہلوکین کی تعداد 4971 ہوگئی ہے۔
ضابطے کے مطابق، اسکول، سنیما ہال پر فیصلہ جولائی کے مہینے میں حالات کے حساب سے لیا جائے گا۔ رات کا کرفیو رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک رہے گا جس میں نقل وحرکت پر پابندی ہوگی۔ پہلے شام 7 بجے سے صبح 7 بجے تک پابندی عائد کی گئی تھی۔ حکومت کی جانب سےاسے ان لاک 1.0 نام دیا گیا ہے۔ اسکول، کالج وغیرہ کھولنے کے لئے سبھی متعلقہ فریق سے بات کرکے جولائی میں فیصلہ لیا جائے گا۔
ملک میں یکم جون سے 30 جون تک لاک ڈاون جاری رہے گی۔ اس دوران ریاستی حکومتیں اسکول اور کالج کھولنے پر فیصلہ لیں گی۔ اس دوران کنٹنمنٹ زون پر پابندی جاری رہے گی۔ ملک میں 25 مارچ سے لاک ڈاون جاری ہے۔ مرکزی حکومت نے لاک ڈاون بڑھا دیا ہے۔ حالانکہ اس بار مزید چھوٹ دی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے کنٹنمنٹ زون کے باہر کے علاقوں کو پھر سے کھولنے کے لئے نئے احکامات جاری کئے ہیں۔ نیا حکم یکم جون سے نافذ ہوگا اور 30 جون تک موثر رہے گا۔ اس دوران لاک ڈاون کو کھولنے کا بھی عمل ہوگا۔ اس دوران اقتصادی سرگرمیوں پر فوکس رہے گا۔