حیدرآباد و اطراف
مفتی عبدالمغنی مظاہریؒ کی وفات ملت اسلامیہ کے لئے بڑا نقصان
حیدرآباد: 18؍اگست (پریس نوٹ) حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ناظم المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد نے حضرت مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہریؒ کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بڑے علماء اور جامعہ مظاہر علوم سہارنپور کے ممتاز فضلاء میں تھے، داعی ٔ سنت حضرت مولانا ابرارالحق ہردوئیؒ کے مجاز تھے، جمعیۃ علماء حیدرآباد کے صدر تھے، اللہ تعالیٰ نے ان کو دعوت واصلاح کا جذبۂ بے کراں عطا فرمایا تھا اور اس کے لئے جدوجہد کی توفیق سے نوازا تھا، خاص طور پر رد قادیانیت اور فرق باطلہ کی تردید میں وہ بہت سرگرم رہتے تھے، تلنگانہ اور اس سے متصل ریاستوں میں ان کے ہزاروں شاگرد دینی خدمت میں لگے ہوئے ہیں، وہ ان سب کی رہنمائی کرتے تھے، انھوں نے بے سروسامانی کے ساتھ مدرسہ سبیل الفلاح کی بنیاد رکھی اور اس کو خوب ترقی دی، جو آج ریاست کے بڑے اداروں میں سے ایک ہے، یقیناََ ان کی وفات ملت اسلامیہ کے لئے بہت بڑا نقصان ہے، اللہ تعالیٰ ان کی خدمات کو قبول فرمائے، بلند درجات سے نوازے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔