آئینۂ دکن

عشرۂ ذی الحجہ‘ ، یوم عرفہ‘ قربانی اور نماز عید الاضحی کے اعمال

حیدرآباد: 25؍جولائی (عصر حاضر) مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ناظم المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد نے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ ذو الحجہ کا مہینہ ایک مبارک مہینہ ہے، اس ماہ کے پہلے ۹؍ دن عبادت کی قبولیت کے لئے بہت اہم ہیں، ان میں کثرت سے نفل نماز، روزہ ، صدقہ، ذکر اور درود شریف کا اہتمام کرنا چاہئے، رمضان المبارک کے روزوں کے بعد سب سے افضل روزہ ۹؍ ذو الحجہ اور یوم عاشوراء کا روزہ ہے، نیز ۹؍ ذو الحجہ یوم عرفہ ہے اور وہ دعاء کی قبولیت کا دن ہے؛ اس لئے تمام مسلمانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ اس تاریخ کو نفل روزے کا خصوصی اہتمام کریں اور پورے دن نیز خاص طور پر افطار کے وقت موجودہ وباء سے انسانیت کی حفاظت کی دعاء کریں، ۱۰؍ ذو الحجہ کو عید الاضحی کی نماز ہے، سماجی فاصلوں کی رعایت کے ساتھ اور حکومت کی ہدایات کی رعایت کرتے ہوئے بقرعید کی نماز ضرور ادا کریں، اگر حکومت کی طرف سے محدود تعداد میں ہی سہی، عیدگاہ اور بڑی مسجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہو تو عیدگاہ اور مسجد میں نماز ادا کی جائے؛ ورنہ حکومت کی گائیڈ لائن اور علماء وارباب افتاء کے مشورہ کے مطابق جس طور پر نماز پڑھی جا سکتی ہے، اس طرح ضرور نماز ادا کریں؛ کیوں کہ یہ ایک اسلامی شعار ہے، نیز جن لوگوں پر قربانی واجب ہے، ان کے لئے قربانی کرنا ہی واجب ہے، صدقہ کرنا کافی نہیں؛ اس لئے قربانی کا اہتمام کریں؛ البتہ اس میں سرکاری ہدایات کا لحاظ رکھیں، کھلے میں جانور ذبح کرنے سے بچیں اور گندگی کو اچھی طرح صاف کردیں، اگر آپ بکرے کی قربانی کر رہے ہوں اور آپ کے پڑوس میں غیر مسلم بھائی ہوں، جو نان ویج کھاتے ہوں تو بہتر ہے کہ آپ اُن کو بھی قربانی کے گوشت میں سے حصہ دیں؛ کیوں کہ قربانی کا گوشت غیر مسلم بھائیوں کو بھی دیا جا سکتا ہے، اگر قربانی کا چرم وصول کرنے کے لئے غرباء اور مدارس کے نمائندہ پہنچیں تو انہیں دے دیں؛ ورنہ چرم فروخت کر کے پیسے مستحقین کو دیں، اس وقت مدارس اسلامیہ مالی تعاون کے خصوصی مستحق ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×