جمعیۃ علماء کی مجلس عاملہ کے رکن سپریم کورٹ کے سینئر وکیل جناب شکیل احمد سید کا انتقال
حیدرآباد: 24/نومبر (پریس ریلیز) حافظ پیر شبیر احمد صاحب صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا پردیش اور حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا پردیش نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی پیغام میں انہتائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کے مؤقر رکن اور سپر یم کورٹ کے سینئر وکیل جناب شکیل احمد سید صاحب انتقال ہوچکا ہے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون اللہ
صدر محترم نے کہاکہ شکیل احمد سید صاحب مرحوم فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعد مدنی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے معتمد علیہ شخصیات میں سے تھے، مرحوم کو جمعیۃ علماء اور اس کے اکابرین کے ساتھ والہانہ تعلق وعقیدت تھا، آپ نے مسلم تحفظات کے سلسلہ میں ریاستی جمعیۃ علماء کی جانب سے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں جو مؤثر نمائندگی کی تھی، وہ آپ کی ناقابل فراموش خدمات کا حصہ ہیں، جس کو تاریخ کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتی، اس کے علاوہ حکومت آندھرا پردیش نے بھی تحفظات کے سلسلہ میں آپ کی خدمت حاصل کر چکی ہے،
سپریم کورٹ کے سینئر وکیل کی حیثیت سے جناب شکیل احمد سید صاحب نے بابری مسجد، طلاق ثلاثہ ،نکاح ثانی، جیسے اہم مسائل پر امت اسلامیہ کی سپریم کورٹ میں مؤثر نمائندی کی، اور عدالتوں میں ملت اسلامیہ کی آواز بن گئے تھے، اللہ تعالی نے شکیل احمد سید صاحب کو بے شمار خوبیوں اور کمالات سے نوازا تھا، وہ ہردل عزیز شخصیت کے مالک تھے، ملنساری خوش مزاجی آپ کا خصوصی وصف تھا، ان کے سانحہ ارتحال سے ریاستی جمعیۃ علماء ایک مضبوط بااعتماد رفیق ، سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سے محروم ہو گی، اللہ تعالی ہم سب کو انکا نعم البدل عطافرمائے۔
جناب شکیل احمد سید صاحب کے سانحہ ارتحال پر ہم اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، صدر محترم نے کہا کہ اللہ تعالی وکیل صاحب کی مغفرت فرمائے جنت الفردوس میں اعلی سے اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائیں۔ صدر محترم نے جمعیتہ علماء کے صدور اور نظمائے اور جمعیتہ علماء کے ممبران اور تمام مسلمانوں سے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل جناب شکیل احمد سید صاحب کے لئے ایصال ثواب اور دعاء مغفرت کی درخواست کی ہے۔