حیدرآباد و اطراف

حیدرآباد سیلاب متاثرین کے لئے جمعیۃ علماء تمل ناڈو کی 47؍لاکھ روپیے کی نقد امداد

مدراس 16؍ نومبر (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ہند کی مرکزی قیادت حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری دامت برکاتہم (صدر جمعیۃ علماء ہند ) قائد محترم مولانا سید محمود اسعد مد نی (ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند) کے حکم پرجمعیۃعلماء ٹمل ناڈو کے ذمہ داران کا ایک موقر وفد حیدرآباد پہنچ کر متاثرہ مقامات کا جائزہ لینے کے بعد متا ثرین کے درمیان ضروریات زندگی کی اشیاء تقسیم کرتے ہوئے جمعیۃ علماء آندھرا و تلنگانہ کے صدر حافظ پیر شبیر احمد صاحب مدظلہ سے ملاقات کی ۔اورحالات کا جائزہ لینے کے بعد جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے جاری راحت کاری کے کاموں کی تفصیلات حاصل کیں۔اس وفد میں سربراہ وفداور تمل ناڈو جمعیۃ کے سرگرم ذمہ دار الحا ج ہچ بی حسن صاحب ، الحاج یم اشفاق احمدصاحب (نائب صدراہل سنت والجما عت آمبور) الحاج انجینئر رضوان صاحب شامل تھے ۔شدید ترین بارش کے سبب شہر حیدرآباد اوراس کے آس پاس کاعلاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے علاقے کے علاقے زیر آب ہیں۔وفد نے دیکھا کہ اس وقت بھی عثمان نگر،سیف کالونی ،احمدنگر، محمدنگر،عبداللہ نگر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ تقریبا دس مساجد اورکئی تعلیمی ادارے زیر آب ہیں۔ مکانات تہ و بالا اوردکانیں تباہ ہوچکی ہیں۔ گھروں میں پانی بھرجانے کی وجہ سے اشیاء خوردونوش اور گھریلو سامان وغیرہ ضائع ہوچکے ہیں ۔متاثرہ افراد کے پاس اتنے مالی وسائل نہیں کہ وہ اپنے تباہ شدہ مکانات کو از سرنو تعمیر کرسکیں،غرض ایک افراتفری کا عالم ہے۔الحمدللہ اس مصیبت کی گھڑی میں اہلیان و باشندگان تمل ناڈو کے تعاون سے صوبائی جمعیۃ علما ء تمل ناڈواور اسکی ضلعی یونٹوں کی جانب سے 47؍لاکھ روپے کی نقد رقم سیلاب متاثرین کی راحت رسانی کے لئے صوبہ تلنگانہ جمعیۃ کے صدر محترم جناب حافظ پیر شبیر احمد صاحب کی خدمت میں وفد نے پیش کیا ، بعدہ صدرمحترم کے ایماء پرصوبائی جنرل سکریٹری حافظ پیر خلیق صابر صاحب کی رہنمائی میں مقامی جمعیۃ کے جانب سے کئے جانے والے رفاہی و راحت رسانی کے کاموں اور دیگر امور و پروجیکٹ کامعائنہ کیے جانے کے بعد الحاج ہچ بی حسن صاحب و شرکاء وفد نے محسوس کیا کہ الحمدللہ مقامی ،ضلعی اور صوبائی جمعیۃ اس وقت دوسطح پرپوری تندہی کے ساتھ خدمت انجام دے رہی ہے ۔(۱) ہنگامی امداد۔جس میں گھروں کی صفائی ومرمت ،خوردنی اورضروری اشیاء کی فراہمی۔(۲) مستقبل میں سیلاب زدہ مکانات کی تعمیر نو۔(بازآبادکاری) جمعیۃ علماء تلنگانہ کے صدراوران کے رفقاء وکارکنان کی مستعدی وفعال کارکردگی و خدمات واقعی قابل تعریف ومستحسن اورقابل تقلید ہے۔اہم ترین بات یہ ہے کہ رفقاء جمعیۃ ایسے علاقوں میں بھی جانفشانی سے راحت رسانی کے امورانجام دے رہے ہیں جہاں حکومت کی مشنیری پہونچنے سے قاصررہی ہے۔وفد نے عینی مشاہدے کے بعد ملک وملت کے تمام باشندوں سے اپیل کی ہے کہ حیدرآباد سیلاب متاثرین کے لئے ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں اوراس مصیبت کی گھڑی میں انسانیت کی مدد کے لئے آگے آئیں۔اس طرح کی تحریری رپورٹ مولانا محمد تمیم قاسمی نائب صدرجمعیۃ علماء ٹمل ناڈونے وفد کی چنئی واپسی کے بعد جاری کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×