حیدرآباد و اطراف

عامۃ المسلمین کو عیدالفطر کی مبارکباد: حافظ پیر شبیر احمد

حیدرآباد: 23؍مئی ( پریس نوٹ ) مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش نے عامتہ المسلمین کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال مسلمان ساری دنیا میں جس ماحول میں صبر و شکر کے ساتھ عید منارہے ہیں اس کی مثال تاریخ میں کہیں بھی نہیں ملتی۔ حکومتوں نے بیک جنبش قلم ساری دنیا میں مساجد کو بند کردیا‘ نمازوں کو محدود کردیا‘ تراویح اور نماز جمعہ کے نورانی مناظر دیکھنے میں نہیں آرہے ہیں اور حد یہ کہ پہلی مرتبہ عید کی نماز بھی نہیں ہورہی ہے۔ یہ اللہ کی طرف سے ہماری آزمائش ہے۔ اللہ کسی سے ناراض ہوتا ہے تو اس سے سجدوں کی توفیق چھین لیتا ہے ‘ ہم کو غور کرنا چاہئے کہ کہیں ہم سے بھی تو اللہ ناراض نہیں ہے کہ مسجدیں اور عید گاہیں ہمارے سجدوں کے لئے بند ہیں ‘ ہم کو اپنا محاسبہ کرنے ‘ اور توبہ و استغفار کی کثرت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اللہ کو ہم پر رحم آجائے‘ اور جلد سے جلد مساجد کے دروازے ہم مسلمانوں کے لئے کھل جائیں۔ انہوں نے مسلم بھائی بہنوں کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے عید سادگی سے منانے اور شاپنگ نہ کرنے کی اپیلوں کو نظر انداز نہیں کیا اور از خود بازاروں سے دور رہے حالانکہ حکومت نے بازار کھلے رکھنے کے احکام جاری کردیئے تھے۔ مولانا حافظ شبیر احمد نے مسلمانوں سے اپیل کی وہ اس مرتبہ صدقہ فطر مدارس کو عطا کریں اور جو صاحب استطاعت ہیں وہ گیہوں کی بجائے کھجور اور کشمش فطرہ میں دیں اور اس کی جو بھی قیمت بنتی ہے وہ مدرسوں کو دے دیں۔ تاکہ مدارس مستحکم ہو سکیں اور دین کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ جس طرح اب مجبور ی کے عالم میں سادگی کے ساتھ عید منائی گئی اسی طرح مستقبل میںہم اپنی خوشی سے عیدوں میں اسی سادگی کو برقرار رکھیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×