آئینۂ دکن

مولانا فصیح الدین ندوی سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد کے صدر منتخب

حیدرآباد: 30؍نومبر (پریس ریلیز) حافظ شیخ جہانگیر فیضی نائب صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد کی اطلاع کے مطابق 29 نومبر بروز پیر بعد نماز عشاء خانقاہ چشتی صابریہ رحمت نگر یوسف گوڑہ میں حضرت مفتی غیاث الدین رحمانی صاحب صدر جمعیۃ علماء ہند تلنگانہ وآندھرا کی صدارت، اور حضرت مولانا نورالحق قریشی صاحب قاسمی دامت برکاتہم سرپرستی میں سٹی جمعیۃ علماء ہند گریٹر حیدرآباد کے انتخابات عمل میں آئے، جس میں کثرتِ رائے سے تلنگانہ کے فعال متحرک عالم دین حضرت مولانا فصیح الدین ندوی صاحب دامت برکاتہم کو صدر، حافظ وسیم جاوید صاحب کو جنرل سکریٹری اور خازن کی حیثیت سے عالیجناب عبدالماجد صاحب انجینئر کا انتخاب کیا گیا، جبکہ نائبین صدور کے لئے حضرت مولانا الیاس احمد صاحب رشادی وقاسمی، اور محترم حافظ شیخ جہانگیر فیضی صاحب کو منتخب کیا گیا، اسی طرح سکریٹری کے لئے مولانا سعید الرحمٰن صاحب کو منتخب کیا گیا، اس انتخابی اجلاس میں مبصر کی حیثیت سے مفتی محمود زبیر صاحب قاسمی دامت برکاتہم جنرل سکریٹری تلنگانہ وآندھرا نے شرکت کی اور کہا کہ مسلمانانِ ہند کی سب قدیم، متحرک اور فعال جماعت جمعیۃ علماء ہند اپنے ماضی اور حال کی روشنی میں ایک باہمت اور دور اندیش جماعت ہے،
انتخابات کے بعد صدارتی خطاب میں حضرت مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا نے تمام نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تاریخ ہے کہ جمعیۃ علماء نے پوری قوت کے ساتھ اسلام کی امن پسندی تعلیمات کی ترجمانی کر کے لاکھوں مسلم نوجوانوں پر دہشت گردی کے الزامات پر کروڑہا کروڑ روپے خرچ کرتے ہوئے پوری جرأت کے ساتھ سچائی کی نمائندگی کی، اور الزامات کا پردہ چاک کیا، اور انہیں باعزت بری بھی کروایا، اور روہنگیا مظلومین کو ٹھکانہ دلانے کے لیے اور ایسے ہی جب سرکار نے چور دروازے کے ذریعہ این آر سی اور سی اے اے کا فرمان جاری کیا تو جمعیۃ علماء نے احتجاجی اور قانونی محاذوں پر جاکر منظم تحریک چلائی ، عدالتوں میں کامیاب مقدمے لڑ کر لاکھوں مسلم سے زیادہ غیر مسلموں کے لیے سہارا ثابت ہوئے،، امیر الہند دامت برکاتہم نے ہر سطح پر سعی انجام دی؛ اسکے علاوہ ملک کے ہر آفات میں بڑے پیمانے پر ریلیف ورک اور خدمتِ خلق کا فریضہ انجام دیا؛ گزشتہ ہفتہ آندھرا سیلاب متاثرین کی امداد اور انکی فریاد رسی کے لیے قومی جنرل سکریٹری حضرت مولانا معصوم ثاقب صاحب دامت برکاتہم کو بھیجا، جس کی کارگزاری آپ سب جانتے ہیں، تمام ہی سے اپیل کی کہ سیلاب متاثرین کے لیے ہر ممکن کوشش کریں، آخیر میں اپیل کی کہ اِس عظیم تنظیم کی وابستگی ہر مسلمان کی دینی، ملی وسماجی بھلائی کا باعث بنے گی، ملت کی اجتماعی ذمے داریوں میں حصے داری کا موقع دے گی اور اللہ والوں کے ایک پاکیزہ سلسلے سے جڑنے کا شرف بخشے گی؛ حضرت مولانا نورالحق قریشی صاحب دامت برکاتہم کی رقت انگیز دعا پر پروگرام اختتام کو پہونچا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×