آئینۂ دکن

عارف بالله حضرت مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی امیر شریعت تلنگانہ و آندھرا پردیش منتخب

حیدرآباد: 24؍اکٹوبر (پریس ریلیز) آج بتاریخ 24/ اکٹوبر بروز اتوار ریاستی دفتر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش بمقام مسجدزمزم باغ عنبر پیٹ حیدرآباد میں ریاست کے ذمہ دار علماء کرام، متعدد دینی علمی و رفاہی تنظیموں کے ذمہ داران، اور ارباب حل وعقد کا ایک اجتماع بضمن برائے انتخاب امیرشریعت بصدارت حضرت الحاج حافظ پیر شبیر احمدصدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش منعقد ہوا۔ تلاوت کلام پاک اور نعت النبیﷺ کے بعد مفتی انعام الحق قاسمی صاحب آرگنائزر برائے محکمہ شرعیہ ریاست تلنگانہ وآندھرا نے اجلاس کے مقصد اور امارت شرعیہ ہند کی تاریخ پر مختصر تعارف پیش کیا، اور افتتاحی خطاب میں کہا کہ امارت شرعیہ ہند اور اس کے تحت محکمہ شرعیہ کا نظام جمعیت علماء ہند کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ جس کے تحت نظام قضاء کو مستحکم کرنا اور مسلمانوں کے باہمی نزاعات کوشریعت کی روشنی میں حل کرنا اور مظلوموں کی دادرسی کرنا اور استطاعت کے مطابق انصاف رسانی کا نظام قائم کرنا مقاصد میں سے ایک ہے۔فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعد مدنی نور اللہ مرقدہ نے اپنی حیات میں غیر منقسم آندھرا پردیش کیلئے امیر شریعت حضرت مولانا برکت اللہ خان صاحب قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کا انتخاب کیاتھا۔ حضرت مولانا کی حیات میں ریاستی جمعیت علماء کی جانب سے گذشتہ بیس برسوں سے محاکم شرعیہ کے ذریعہ مسلمانوں کے باہمی نزاعات کو شریعت مطہرہ کی روشنی میں حل کرنے کا کام جاری رہا، الحمد للہ اس وقت جمعیۃ علماء کی محنتوں سے دونوں ریاستوں میں (۸۱) مقامات پر محکمہ شرعیہ کا نظام قائم ہے۔حضرت مولانا محمد برکت اللہ خان صاحب قاسمی رحمتہ اللہ علیہ سابق امیر شریعت صوبہ کی وفات کے بعد اس منصب یعنی امیر شریعت صوبہ کے لئے مناسب نام زیر غور رہا، ریاستی صدر حافظ پیر شبیر صاحب دامت برکاتہم نے مرکز اور ریاست کے اکابرعلماء کرام سے کافی مشوروں کے بعد جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش نے طے کیا کہ صوبے کے اہم ترین منصب امیر شریعت کیلئے عارف باللہ حضرت مولانا شاہ جمال الرحمن صاحب مفتاحی دامت برکاتہم کا نام تجویز کیا جائے، حضرت اپنے علم وتقوی اور دیانت و بزرگی کی وجہ سے اس منصب کیلئے موزوں ترین شخصیت ہیں، اور ریاست کی عوام اور علماء کرام پر اپنا غیر معمولی اثر رکھتے ہیں۔ حضرت الحاج حافظ پیر شبیر احمد مدظلہ اور دونوں ریاستوں کے جمعیۃ علماء کے ذمہ داران کی جانب سے حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش نے عارف باللہ حضرت مولانا شاہ جمال الرحمن صاحب دامت برکاتہم کا نام بطور امیر شریعت صوبہ کے پیش کیا جس پر حاضرین نے اپنی تائید پیش کی الحمد للہ ریاست کے اکابر علماء کرام، تنظیموں کے ذمہ دار حضرات کی جانب سے متفقہ طور پر حضرت مولانا شاہ جمال الرحمن صاحب دامت برکاتہم کا اسم گرامی امیر شریعت صوبہ کے طور پر تجویز ہوا۔ اللہ تعالی اس تجویز و انتخاب کو قبول فرمائے اور ملت کے لئے مفید و نافع بنائے۔ آمین

اس با مقصد اجلاس میں ریاست کے ذمہ دار علماء کرام،تنظیموں کے ذمہ داران، اور ارباب حل وعقد جس میں مولانا احسان الدین صاحب نائب صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ ، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی صاحب صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا، مولانا عبد القوی صاحب صدر جمعیۃ علماء ضلع حیدرآباد ،مولانا ظلال الرحمن صاحب صدر لجنتہ العلماء ، مولانا احمد عبیدالرحمن اطہر ندوی وقاسمی صدر مجلس دعوۃالحق حیدرآباد،  مولانا احمد ومیض ندوی صاحب استاذ دارالعلوم حیدرآباد ، مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفاء بیت المال ، مولانافصیح الدین ندوی صدرابنائے ندوہ وپیغام انسانیت ، مولانا احسان احمد صدیقی صاحب قاسمی صدر ہیلپ لائن حیدرآباد، مولانا مجاہد صاحب معاون نائب ناظم مجلس علمیہ ، مفتی محمد عبداللہ صاحب صدر مفتی محکمہ شرعیہ ریاستی دفتر ، مولانا عبد الستار صاحب خازن جمعیتہ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش ، مفتی محمد عامر حنیف قاسمی صدر تحفظ شریعت ، مولانا نذیر صاحب قاسمی خدام دین ٹرسٹ حیدرآباد ، مولانا مصباح الدین صدر دینی تعلیمی بورڈ حیدرآباد، مولانا مسیح الدین قاسمی صدر جمعیۃ علماء میدک ، مفتی ابرار الحق شاکر صاحب ادارہ دعوت واصلاح ،مولانا عبد الوارث صاحب صدر جمعیۃ علماء ونپرتی ، مفتی محمد یعقوب صاحب قاسمی ، مفتی عرفان صاحب قاسمی معتمد زاد مسلم ،مولانا محمد نصیر الدین صدر دینی تعلیمی بورڈ ورنگل ،مولانا انصار شاکر صاحب حسامی ، مولانا پیر عبد الوہاپ عمیر قاسمی صدر شعبہ نشرواشاعت جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا، مولانا محمد نصیرالدین حسامی دفتر آرگنائزر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش ، جناب محمد رمضان صاحب انچاج دفتر جمعیتہ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ناظم المعہد العالی الاسلامی، مولانا عبد الباسط صاحب صدر مجلس العلماء آندھراپردیش ، مولانا الیاس صاحب نائب صدر جمعیۃ علماء آندھراپردیش ، مولانا حسین احمد معدنی نائب صدر جمعیۃ علماء آندھراپردیش ، مولانا حسین احمد مظاہری نائب صدر جمیعۃ علماء آندھراپردیش، مفتی عبد المعز شامزی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء جگتیال نے تحریری طور پر تائید کی۔ اس اجلاس کی نظامت حضرت مولانا مصدق القاسمی صاحب دامت برکاتہم نے انجام دی۔اخیر میں حضرت مولانا شاہ جمال الرحمن صاحب دامت برکاتہم کی دعا پر اس نشست کا اختتام عمل میں آیا۔

Related Articles

One Comment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×