حیدرآباد و اطراف

حقوق انسانی کا تحفظ جمہوری حکومت کی اوّلین ذمہ داری‘ ویبینار کا انعقاد

حیدرآباد: 17؍دسمبر (پریس ریلیز) عالمی یوم حقوق انسانی کے موقع پر ہمیں رسول اللہ ﷺ کے انسانی حقوق سے متعلق اُس سبق کو دہرانے کی ضرورت ہے جو آپؐ نے حجۃ الوداع کے موقع پر انسانیت کو دیاتھا۔ کہ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی عجمی کو عربی پر فوقیت حاصل نہیں ہے۔اور سارے انسان آپس میں برابرہیں۔ اسلام میں انسانوں کی جان مال اور عزت وآبروکوکافی اہمیت دی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہارامیرحلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مولانا حامدمحمدخان نے جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ شعبہ قیام عدل وقسط کی جانب سے عالمی یوم حقوق انسانی کے موقع پر منعقدہ ویبینار سے کیا۔  انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہمارے ملک عزیز میں حالات دن بہ دن تشویشناک ہوتے جارہے ہیں۔ ماب لنچنگ کے نام پرانسانوں کا ناحق قتل کیاجاتا ہے اورمظلوم انصاف کے لیے ترس رہا ہے۔ایسے میں انسانی حقوق کے پیغام کوعام کرنے کی ضرورت ہے۔ملک کا بدلتا منظرنامہ اور حقوق انسانی کی کیفیت کے عنوان پرمنعقدہ اس ویبینار سے ایس.جیون کمار رکن کوآرڈنیشن کمیٹی ہیومن رائٹس فورم اے.پی وتلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حقوق انسانی ایک اہم موضوع ہے جس پر ہمیں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا کے ایسے کئی ممالک ہیں جہاں ان کے اپنے شہریوں پر بھی طرح طرح کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قابل مذمت ہیں وہ ممالک سماجی ادارے اور حکومتیں جو حقوق انسانیت کو پامال کرتے ہیں۔ جناب پروفیسرمحمدعبدالمجیدسکریٹری شعبہ قیام عدل وقسط حلقہ تلنگانہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اس ملک میں خواتین کے تحفظ کے لیے کئی قوانین بنائے گئے ہیں لیکن ان پر عمل ندارد ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانی جان کی حرمت کو اسلام نے کافی اہمیت دی ہے اللہ تعالیٰ نے انسان کو آزاد پیداکیا ہے اور آزادی کا حق سب کو ملنا چاہئے۔جناب سنجے آر.ہیگڈے سینئر وکیل سپریم کورٹ نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے دستور ہند کی تدوین کے دوران حقوق انسانی کو خاص مقام دیا ہے اس کے نتیجہ میں کوئی سماج میں اچھوت نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت دراصل سماجی برابری کا نام ہے اور جمہوریت کا مطلب ہرگز مطلق العنانی نہیں ہے۔ بلکہ جمہوریت کا مطلب قانون کی بالا دستی اور دستور کے چوکٹھے کی پابندی ہوتی ہے۔ سماجی جہدکار سہیل کے.کے. نے اپنے ورچول خطاب میں کہا کہ انسان ہی انسانوں پر ظلم کررہا ہے اور انسانوں کو غلام بنایاجارہا ہے انہوں نے مساوات کی تعلیم کوعام کرنے پر زور دیا۔ جناب ابوافروز،محمدعبدالہادی پٹیل نے پروگرام کی کاروائی چلائی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×