حیدرآباد و اطراف
عثمان نگرکے علاقہ سے پانی کی فوری نکاسی کی ضرورت
حیدرآباد: 26؍اکتوبر (پریس ریلیز) امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے اتوارکے روز وفد کے ہمرا ہ بارش سے متاثرہ علاقوں عثمان نگر،شاھین نگر،حبیب عبد اللہ یحیی نگر،شاھین کالونی و دیگر علاقوں کا دورہ کیا،اس موقع پر انہوں نے متاثرین سے بات چیت کی اور انکی ہمت بندھائی۔عثمان نگر،شاہین نگر اور دیگر علاقوں کے دورہ کے موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عثمان نگر علاقہ میں ایک ہفتہ سے زائد عرصہ سے کئی فٹ بارش کا پانی رکا ہوا ہے۔جسکی وجہہ سے یہاں کے مکین سخت پریشان ہیں۔پانی کی فوری نکاسی کی ضرورت ہے۔یہاں د و ہزار سے زائد مکانات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔امیر حلقہ مولاناحامد محمد خان نے حکومت،انتظامیہ اور متعلقہ عہدیدراروں سے اپیل کی کہ یہاں کی عوام کو فوری راحت پہنچانے کا کام کریں۔پانی کی نکاسی کو اگر وقت لگ سکتا ہے تو ایسی صورت میں عوام کے لئے راحت کاری کے متبادل انتظامات کئے جائیں۔امیر حلقہ نے یہاں کے علاقہ میں جماعت اسلامی ہند حیدرآبا کی جانب سے انجام دئیے جارہے ریلف کاموں کا بھی اس موقع پر جائزہ لیا۔دورہ کے موقع پر ناظم شہر جماعت اسلامی ہند حیدرآباد حافظ محمد رشاد الدین،جناب سید عبد القادر ناصر،جناب خواجہ حسن،جناب محمد ابرھیم،جناب محمد حنیف،جناب مبشرحسین خالد،جناب عبدالودود،جناب ساجدعلوی و دیگر موجود تھے۔