آئینۂ دکن

مولانا محمدرفیق قاسمی کا سانحہ ارتحال؛ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہندحلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمدخان کا اظہار تعزیت

حیدرآباد: 6؍جون (پریس ریلیز) جماعت اسلامی ہند کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و سابق مرکزی سکریٹری مولانا محمدرفیق قاسمی 6/جون 2020کو صبح کی اولین ساعتوں میں قلب پر حملہ کے باعث انتقال کرگئے۔ وہ76 برس کے تھے۔ مولانا رفیق قاسمی کا تعلق ریاست اترپردیش سے تھا۔انہوں نے مختلف سطحوں پر جماعت ا سلامی کی ذمہ داریاں انجام دیں۔ وہ علاقہ بریلی کے ناظم علاقہ اور پھر بعد میں متحدہ اترپردیش کے امیر حلقہ منتخب ہوئے تھے۔ بعد ازاں سابق امیر جماعت اسلامی ہند مولانا محمدسراج الحسن ؒنے اپنی میعاد کے دوران انہیں مرکز طلب کیا جہاں انہوں نے مرکزی سکریٹری کی حیثیت سے قابل قدر خدمات انجام دیں۔ وہ آخری میعاد تک جو مارچ 2019 کو ختم ہوئی شعبہ اسلامی معاشرہ کے سکریٹری بھی رہے۔ مولانا رفیق قاسمی بلا لحاظ مسلک و مشرب ملی حلقوں میں کافی مقبول تھے۔ وہ کل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن عاملہ بھی رہے۔ مولانا قاسمی ایک نرم گفتار مقرر تھے اور دیگر مکاتب فکر کے علما ء کے ساتھ ان کے بہترین روابط تھے۔ مولانا قاسمی کو اللہ نے ایک پرکشش اور دل نواز شخصیت عطا ء کی تھی اور انہوں نے ظرافت کا عمدہ ذوق بھی پایا تھا۔ امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمدخان نے مولانا قاسمی کے سانحہ ارتحال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے ان کی مغفرت اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرنے اورتحریک کو ان کا نعمل البدل عطا کرنے کی دعا کی۔ مولانا محمدرفیق قاسمی کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ4دختران اور6فرزندان شامل ہیں۔بعدعصرنمازِ جنازہ ادا کی گئی اورتدفین دہلی کے شاہین باغ احاطہ قبرستان میں عمل میں آئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×