آئینۂ دکن

نبی اکرم ﷺ کا اسوہِ حسنہ ہی ساری انسانیت کے لئے نسخہ کیمیاء

حیدرآباد: 10؍اکتوبر (پریس ریلیز) حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپناکر ہی انسانیت اپنے تمام مسائل کو حل کر سکتی ہے۔یہی وہ اسوہ حسنہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر مسلمان دنیا میں با وقار زندگی گزارسکتے ہیں اور آخرت میں اپنے رب کی خوشنودی کے مستحق ہو سکتے ہیں۔ آپ کی تعلیمات ہر زمانے اور ہر قوم کے لئے ہیں۔ اس لئے امت مسلمہ کا یہ فرضِ منصبی ہے کہ وہ محسن انسانیت کے پیغام ِ رحمت سے دنیا کو واقف کراتے ہوئے یہ بتائیں کہ یہ رسول ساری انسانیت کے لئے رحمت بناکر مبعوث کئے گئے ہیں۔ تاریخ کے جس دور میں بھی گروہِ انسانی نے تعلیماتِ نبوی کو اپنے لئے مشعلِ ہدایت بنایا، اللہ تعالیٰ نے انہیں کامیابی اور سربلندی عطا کی۔ اس لئے موجودہ حالات میں جب کہ امت کے لئے نِت نئے مسائل پیدا ہورہے ہیں اور باطل طاقتیں اسلام اور مسلمانوں کے درپہِ آزار ہیں ، وقت کا تقاضاہے کہ مسلمان اللہ اور رسول سے اپنے تعلق کو مضبوط کرلیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد، سابق اسوی ایٹ پروفیسر و امیر مقامی جماعت اسلامی ہند چارمینار نے کل سن سٹی ، حیدرآباد میں جماعت اسلامی ہند راجندر نگر کے زیر اہتمام عظیم الشان پیمانے پر منعقدہ جلسہ سیرت النبی سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں بھی اہانتِ رسول کے بد بختانہ واقعات ہورہے ہیں ، جس سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی جا رہی ہے۔ آزادیِ اظہارِ رائے کے نام پر کسی بھی مذہبی شخصیت کی شان میں گستاخی کرنا ایک جرم ِ عظیم ہے۔ جمہوری معاشرے میں ایک دوسرے کے مذہبی حقوق کی پاسداری کرنا ہر فرد کی ذ مہ داری ہے۔ جناب عبد الرفع، سکریٹری، جماعت اسلامی ہند راجندر نگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم سے محبت ایمان کا تقاضا ہے۔ محبت رسول کے بغیر ہمارا کوئی عمل قابل قبول نہیں ہے۔ لیکن محبت رسول کے ساتھ اطاعت رسول اور اتباعِ رسول کا جذبہ ہونا بھی لازمی ہے۔ صرف زبان سے محبت کے نعرے بلند کئے جائیں لیکن اطاعت اور اتباع کسی اور کی جائے تو اس سے نہ دنیا میں کوئی فائدہ ہوگا اور نہ آ خرت میں ہم سرخرو ہو سکیں گے۔ آج مسلمانوں میں حب رسول کا جذبہ تو ہے لیکن اطاعت اور اتباع کے معاملے میں کمزوری دیکھی جا رہی ہے۔ اسے دور کرنے کی ضرورت ہے۔ جلسہ کا آغاز جناب محمد ابرار کارکنِ جماعت کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ ایس آئی او کے رکن برادر فیضان نے نعت رسول پیش کی۔ جناب وقار احمد، امیر مقامی، جماعت اسلامی ہند راجندر نگر نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ کا مقصد جہاں مسلمانوں کو رسول کریم کی تعلیمات سے واقف کرانا ہے وہیں برادران ِ وطن کو بھی یہ بتانا ہے کہ آپ پوری انسانی برادری کے نجات دہندہ بن کر آئے۔ انہوں نے کہاجماعت اسلامی اس علاقہ میں مختلف دینی، تعلیمی اور خدمت خلق کے کام کررہی ہے۔ اس خصوص میں انہوںنے اہلیانِ محلہ سے خواہش کی کہ وہ جماعت کے کاموں میں تعاون کریں تا کہ ملت کی ہمہ جہتی دینی و دنیاوی ترقی ہو سکے۔ جناب محمد شفیع صدر انتظامی کمیٹی مسجد شیخ فیصل سن سٹی، اور جناب سردار علی صدر انتظامی کمیٹی مسجد عثمان سن سٹی اس جلسہ کے مہمان تھے۔ جلسہ میں معززین کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک رہی۔ جناب محمد ماجد، معاون امیر مقامی نے شکریہ ادا کیا، جناب ظفراللہ خان، ناظم ڈویژن سن سٹی نے انتطامات کئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×