آئینۂ دکن

سکریٹریٹ کی مساجد کی تعمیر کا کام معیاری انداز سے جاری ہے، معائنہ کے لیے پہنچے وزیر داخلہ محمود علی

حیدرآباد: 14؍اپریل (عصرحاضر) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج سکریٹریٹ کی دونوں مساجد کے تعمیری کاموں کا جائزہ لینے پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مساجد کی تعمیر کا کام بہت ہی معیاری انداز سے چل رہا ہے. اور ہمیں توقع ہے کہ دونوں مساجد کا افتتاح وعدہ کے مطابق سکریٹریٹ کی نئی عمارت  کے افتتاح سے قبل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سکریٹریٹ کے دورہ تعمیراتی کاموں کے معائنہ کے بعد کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندراشیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق سکریٹریٹ کی دونوں مساجد کی تعمیر شاندار طریقے سے کی جارہی ہے۔ مسجد دفاتر معتمدی کا کام چھت تک پہنچا ہے جبکہ مسجد ہاشمی کا فاؤنڈیشن کا کام مکمل ہوا ہے۔ دونوں مساجد کی تعمیر کافی مضبوطی سے کی جارہی ہے۔تاکہ آنے والے 100 تا 150 سال تک یہ مساجد محفوظ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسجد اللہ کا گھر ہے جہاں تمام مسلمان اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور دعائیں کرتے ہیں. اللہ کے نزدیک روئے زمین پر سب سے پسندیدہ مقام مسجد ہی ہے۔ مسجد کے نام پر کسی قسم کی سیاست نہیں کی جانی چاہیئے. مگر چند لوگ سستی شہرت کے لیے مساجد کے نام پر سیاست کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے مسلمانوں سے وعدہ کیا تھا کہ سکریٹریٹ کی دونوں مساجد کے افتتاح کے بعد ہی سکریٹریٹ کا افتتاح ہوگا اور مساجد کو شاندار پیمانے پر تعمیر کیا جائے گا۔ اسی وعدہ کے مطابق حکومت تلنگانہ، مساجد کی تعمیر کروارہی ہے۔جو مجوزہ وقت تک تعمیر ہوجائیں گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس معاملہ میں کسی کوشک و شبہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ چند لوگ عوام کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے مساجد پر بے بنیاد اور غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائدین کو صرف مندر، مسجد پر نہیں بلکہ تعلیم، صحت، ملازمت، معیشت اور دیگر امور پر بھی کام کرنے کی سخت ضرورت ہے تاکہ ریاست کی ترقی اور عوام کا فائد ہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ کی دونوں مساجد اپنے حقیقی مقام پر تعمیر کی جارہی ہیں۔ البتہ سکریٹریٹ کی جگہ میں مسجد کے روبرو ایک کمپاؤنڈ وال اٹھاتے ہوئے مسجد کے سامنے چالیس فیٹ سڑک ڈالی جارہی ہے تاکہ مساجد میں پانچوں وقت کی نماز، نماز جمعہ اور تراویح ادا کی جاسکے اور سکریٹریٹ کے علاوہ باہر کے افراد کو بھی نماز ادا کرنے کی سہولت مہیا ہو۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری اور بے بنیاد باتوں پر بھروسہ نہ کریں۔ دونوں مساجد کی تعمیر شاہ پور جی پلونجی کنسٹرکشن کررہی ہے جس کی نگرانی ایکزیکیٹیو انجنیر ششی دھر، درگاپرساد اور تجربہ کار کنٹراکٹر معید خاں کررہے ہیں۔ دونوں ہر دن مساجد کی تعمیراتی کام کی نگرانی کررہے ہیں. محمد محمود علی نے کہا کہ مساجد کے افتتاح کے بعد تمام مسلمانوں کو ان مساجد کی مضبوطی اور شاندار تعمیر پر فخر ہوگا۔

بہ شکریہ روزنامہ منصف حیدرآباد

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×