تلنگانہ کے راجنا سرسلہ میں دس روزہ سیلف لاک ڈاؤن نافذ‘ جانیے وجہ
حیدرآباد: 23؍دسمبر (عصرحاضر) تلنگانہ کے ایک گاؤں میں اتفاق رائے سے 10 دن کا لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اس شخص کے اومیکران مثبت آنے کے بعد کیا گیا ہے جو حال ہی میں خلیجی ملک سے واپس آیا تھا ۔ اس شخص کی والدہ کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان کا نمونہ جینوم سیکوینسنگ کیلئے بھیج دیا گیا ہے اور رپورٹ کا انتظار ہے۔ صحت حکام نے اس شخص کو آئیسولیٹ کرتے ہوئے حیدرآباد کے ایک اسپتال میں داخل کرایا ہے، جہاں اس کی حالت مستحکم ہے ۔
صحت عہدیداروں نے بتایا کہ اس شخص کے اومیکران ویریئنٹ کا ٹیسٹ پازیٹیو آنے کے بعد ریاست تلنگانہ کے ضلع رنجنا سرسیلا کے گڈیم گاؤں میں 10 دن کا لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے ۔ اس کے لئے گاؤں کی پنچایت نے فیصلہ کیا ہے ۔ اس دوران اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی ۔ گرام پنچایت نے کہا ہے کہ چونکہ اومیکرون کا انفیکشن بہت تیزی سے پھیلتا ہے ، اس لئے اس سے بچنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔
خلیجی ملک سے لوٹنے اور اومیکران مثبت آنے کے بعد اس شخص کو حیدرآباد کے تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ریسرچ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ، جہاں اس کی حالت مستحکم ہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے کووڈ-19 ٹیسٹ کے لئے اس کے کنبہ کے افراد سمیت اس کے رابطوں سے 64 نمونے جمع کئے تھے۔ وہیں تلنگانہ میں جمعرات تک اومیکرون کے 38 معاملات مل چکے ہیں ۔