آئینۂ دکن

تلنگانہ کو قومی سطح پر صفائی اور ترقیاتی کاموں میں گیارہ ایوارڈز، کے ٹی آر نے دی عہدیداروں کو مبارکباد

حیدرآباد:21/نومبر (عصرحاضر) ریاست تلنگانہ کو قومی سطح پر صفائی اور ترقیاتی کاموں میں بہتر کارکردگی کی بنیاد پر گیارہ ایوارڈز حاصل ہوئے ہیں۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت شہری علاقوں کی مجالس مقامی کی بہتر کارکردگی کیلئے ہر ممکن مدد کررہی ہے۔ حکومت کے تعاون کے نتیجہ میں ریاست کی مجالس مقامی کو قومی سطح کے ایوارڈز حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے سوچھ سرویکشن 2021 ایوارڈز کے حصول پر مجالس مقامی کے میئرس، عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ کے ٹی راما راؤ نے نئی دہلی میں ایوارڈ حاصل کرنے والے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں سے حیدرآباد میں ملاقات کرتے ہوئے بہتر کارکردگی پر ستائش کی۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار اور دوسرے موجود تھے۔ تلنگانہ کو مختلف شعبوں میں سوچھ سرویکشن ایوارڈ حاصل ہوئے جن میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، سرسلہ، سدی پیٹ، نظام پیٹ، ابراہیم پٹنم، گھٹکیسر، کوسگی، حسن آباد، سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ اور کریم نگر میونسپل کارپوریشن شامل ہیں۔ حیدرآباد کو صفائی اور کچرے کے بغیر شہروں کا ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد حکومت ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کے اقدامات کررہی ہے۔ شہروں اور دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی گئی۔ شہروں کیلئے خصوصی فنڈز اور کئی ترقیاتی پروگرام شروع کئے گئے۔ تلنگانہ حکومت نے کئی اختراعی اقدامات کے ذریعہ ریاست کے شہری و دیہی علاقوں کی ترقی کو یقینی بنایا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ پرائم منسٹر سوانیدھی اور دیگر مرکزی اسکیمات میں تلنگانہ کا مظاہرہ ملک کے دیگر علاقوں سے بہتر ہے۔ صفائی مترا میں تلنگانہ کو دوسرا اور سوچھ سرویکشن میں قومی سطح پر 11 ایوارڈز حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں اور اسٹاف کے بہتر تال میل، محنت اور مساعی کے نتیجہ میں یہ ممکن ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی دیگر میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں کو قومی سطح کے ایوارڈز کیلئے مساعی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر اپنی شناخت بنانے کیلئے کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز کو ترقیاتی منصوبہ تیار کرنا چاہیئے۔ انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والے اداروں کو مبارکباد پیش کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×