شہر حیدرآباد و ریاست میں دیڑھ سال بعد عیدگاہوں میں ہوگی نمازِ عید
حیدرآباد: 19؍جولائی (عصرحاضر) شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں تقریباً دیڑھ سال بعد عید کے موقع پر عیدگاہوں میں مسلمانوں کا اجتماع دیکھنے کو ملے گا۔ کورونا کیسوں میں کمی کے باعث حکومت نے عیدگاہوں میں نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کی اجازت دی اور حیدرآباد اور اضلاع میں حکام کی جانب سے تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے عیدگاہ میرعالم اور عیدگاہ مادنا پیٹ میں نماز عید الاضحی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے دونوں عیدگاہوں کے انتظامات کیلئے عہدیداروں کی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ عیدگاہ میرعالم میں نماز عیدالاضحی صبح 9.30 بجے ادا کی جائے گی۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد امامت اور خطبہ کے فرائض انجام دیں گے ۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ اور مولانا حسامی الدین ثانی جعفر پاشاہ کے خطابات ہوں گے ۔ عیدگاہ مادنا پیٹ میں صبح 9 بجے نماز عیدالاضحی ادا کی جائے گی۔ مکہ مسجد میں صبح 9.30 بجے نماز عیدالاضحی مقرر ہے ۔ مولانا لطیف احمد امام مکہ مسجد امامت و خطبہ کے فرائض انجام دیں گے۔ عیدگاہوں اور مساجد میں بارش کے پیش نظر مصلیوں کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ عیدگاہوں میں شامیانے کے علاوہ میاٹس کا انتظام رہے گا۔ پینے کے پانی اور وضو کیلئے بھی سہولت رہیگی ۔ انہوں نے مصلیوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک کا لازمی استعمال کریں اور ساتھ جانماز لائیں۔ عیدگاہوں اور مساجد میں سماجی فاصلہ کے ساتھ نماز کا اہتمام کیا جائے ۔