آئینۂ دکن

حیدرآباد؛ عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی منتقلی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی

حیدرآباد: 13 جولائی (ذرائع) وزیر فینانس ہریش رائو نے جمعیۃ القریش کے وفد کو تیقن دیا کہ عیدالاضحی کے پیش نظر بڑے جانوروں کی قانونی طور پر منتقلی میں کسی بھی رکاوٹ کو ختم کرنے کے لیے پولیس کو ہدایت دیں گے۔ صدر نشین وقف بورڈ اور جمعیۃ القریش کے صدر محمد سلیم کی قیادت میں تاجرین کے وفد نے ہریش رائو کو حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں چیک پوسٹ کے نام پر پولیس کی کارروائیوں اور فرقہ پرست عناصر کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ تاجرین نے کہا کہ کئی مقامات پر پولیس دستاویزات رکھنے کے باوجود گائو رکھشکوں کے دبائو میں جانوروں کو ضبط کررہی ہے۔ جانوروں کو گائو شالہ منتقل کرتے ہوئے حوالے کرنے سے انکار کیا جارہا ہے۔ تاجرین نے کہا کہ نام نہاد گائو رکھشکوں نے ہر سال تاجروں کو ہراساں کرنا اپنا معمول بنالیا ہے اور پولیس ان کے خلاف کارروائی میں ناکام ہوچکی ہے۔ ہریش رائو نے تفصیلی سماعت کے بعد ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کو ہدایت دینے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کو چیف منسٹر کے علم میں لائیں گے اور ہر ضلع میں واضح ہدایات جاری کی جائیں گی۔ ہریش رائو نے کہا کہ قانونی طور پر جن جانوروں کی منتقلی کی اجازت ہے، اس معاملے میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جاسکتی۔ محمد سلیم نے ہریش رائو کو کمشنر پولیس انجنی کمار کی جانب سے طلب کردہ اجلاس کی تفصیلات اور ان کے تیقنات سے واقف کرایا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×