آئینۂ دکن

تلنگانہ میں کسی بھی مقام پر سال نو کے جشن کی اجازت نہ دی جائے

حیدرآباد: 26؍دسمبر (عصرحاضر)  برطانیہ میں کووڈ-19 کی دوسری لہر کے بعد سے ملک بھر میں تشویش کا ماحول ہے‘ بعض ریاستوں میں نائٹ کرفیو بھی نافذ کردیا گیا۔ اسی کے پیشِ نظر ریاست تلنگانہ میں کسی بھی مقام پر سال نو کے جشن کی اجازت نہیں دینے سے متعلق ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے حکومت اور محکمہ داخلہ کو مکتوب روانہ کیا گیا۔  مکتوب میں اس بات کی خواہش کی گئی ہے ریاستی حکومت اور محکمہ داخلہ کی جانب سے فوری طور پر ریاست میں کسی بھی مقام پر جشن سال نو کی اجازت نہ دینے کے علاوہ ہجوم کے اکٹھا ہونے پر پابندی لگائی جائے ۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ سفارشات کے سلسلہ میں کہا جارہا ہے کہ ریاستی محکمہ صحت کے عہدیداروں نے برطانیہ سے واپس ہونے والے مسافرین میں کورونا وائرس کے مثبت مریضوں کے پائے جانے کے بعد فوری طور پر پرہجوم مقامات سے اجتناب کرنے کے علاوہ شہریوں کے لئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کی سفارش شامل ہے اور 2021کی آمد کے سلسلہ میں جو جشن کی تقاریب منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے انہیں روکنے کی بھی خواہش ظاہر کی گئی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ صحت کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ ریاست کے کسی بھی ضلع میں سال نو کے جشن کے انعقاد کی اجازت نہ دیئے جانے کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران احتیاطی اقدامات کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جانے کا امکان ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست میں سردی کی لہر اور برطانیہ کے مسافرین میں کورونا وائرس کے پائے جانے کی توثیق کے علاوہ ان میں پائے جانے والے کورونا وائرس میں نئے وائرس کی علامات کا جائزہ لینے کے عمل میں کچھ تاخیر ہوسکتی ہے اسی لئے محکمہ صحت کی جانب سے سخت احتیاط کے سلسلہ میں سفارش روانہ کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے وصول ہونے والی ان سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد سال نو کے سلسلہ میں واضح ہدایات جاری کرنے کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرے گی اور محکمہ داخلہ کی جانب سے ریاست کے تمام اضلاع میں جشن سال نو کے انعقاد پر امتناع کے سلسلہ میں احکام جاری کئے جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×