آئینۂ دکن

کنگ میکر کی پوزیشن ملنے پر مشاورت کے بعد فیصلہ لیا جائے گا: اسدالدین اویسی

حیدرآباد: 10؍نومبر (عصر حاضر) بہار اسمبلی انتخابات میں پانچ سیٹوں پر اپنی ایک شاندار جیت درج کرنے کے بعد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے رات 9؍بجے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہ ایک بہت بڑا لمحہ ہے کیونکہ بہار کے لوگوں نے ہمیں بہت سارے ووٹوں سے نوازا ہے۔ ہمارے قائدین اور کارکنوں نے بہار میں ہماری پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے بہت ساری کوششیں کی ہیں۔ ہم اپنے وعدے پورے کرنے کی ہر ممکن کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نتیجے ہماری سوچ اور خواہش کے بالکل بر عکس ہے۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ آج کے اس طرح کے نتیجوں میں بڑے بڑے قابل ترین لوگ چوک گئے تو اسد الدین اویسی تو ان کے سامنے ٹوینکل ٹوینکل لٹل اسٹار ہے۔ اویسی سے یہ پوچھے جانے پر کہ آپ نے مہا گٹھ بندھن کو ووٹ کو کاٹنے کا کام کیا اور آپ کی مخالف مہم کی وجہ سے مہا گٹھ بندھن اپنی حکومت بنانے سے چوک گیا تو اویسی نے جواب میں کہا کہ یہ ان لوگوں کا ایک غرور ہے آہنکار ہے اور ہمیشہ کی راگ ہے ورنہ میں مدھیہ پردیش‘ کرناٹک‘ گجرات اور دیگر علاقوں میں تو نہیں گیا لیکن وہاں بھاجپا نے جیت حاصل کی۔ جمہوریت کی یہ خوبصورتی ہے کہ آپ کہیں سے بھی کسی کے بھی سامنے کھڑے ہوسکتے ہیں۔ اسی لیے ہم نے انتخابات میں حصہ لیا لوگوں کی مخالفت سے ہم کو مزید شہرت ملے گی۔ ان سے پوچھا گیا کہ آپ کنگ میکر کی پوزیشن حاصل ہوجائے تو کیا کریں گے کس اتحاد کا ساتھ دیں گے؟ اس پر اویسی نے کہا کہ پہلے نتیجہ تو مکمل ہونے دو۔ نتائج مکمل طور پر واضح ہونے کے بعد ہماری پارٹی اراکین اختر الایمان‘ آفتاب ودیگر اراکین سے مشورے کے بعد فیصلہ کرے گی۔  اپنے خطاب کے دوران انہوں نے پارٹی انتخابی مہم کے دوران پارٹی ورکرس پر ہوئے حملے کی شدید مذمت کی۔ سیمانچل جو نہ صرف بہار کا پسماندہ علاقہ ہے بلکہ پورے ملک کا انتہائی پسماندہ علاقہ ہے اس کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے سیمانچل کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ جنہوں نے مجلس کے حق میں اپنی قیمتی ووٹ کا استعمال کیا۔ اویسی نے بہن مایاوتی اور کشواہا کا بھی اتحاد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اپنی پارٹی کے اُن تمام اراکین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا کیمپ میں موجود رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×