گوشہ محل میں ڈبل بیڈروم مکانات کا افتتاح
حیدرآباد: 26؍اکتوبر (عصر حاضر) وزیر بلدی نظم و نسق کے تارک راما راؤ نے حلقہ اسمبلی کاروان کے ضیاء گوڑہ اور حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے علاقہ گھوڑے کی قبر علاقہ میں حکومت کی جانب سے تعمیرکردہ ڈبل بیڈروم مکانات کا افتتاح کیا۔
وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ کی خصوصی دلچسپی اور ہدایت پر تارک راما راو کی نگرانی میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ حلقہ پارلیمان حیدرآباد کے تحت حلقہ اسمبلی کاروان کے ضیاء گوڑہ میں 840 مکانات، گوشہ محل حلقہ میں گھوڑے کی قبر علاقہ میں 192 اور کٹل منڈی میں 128 مکانات کی افتتاحی تقریب ہوئی۔حکومت نے ان مکانات میں تمام تر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے، جس میں پینے کا پانی، بجلی، عمدہ سڑکیں اور نکاسی آب کا انتظام اس میں شامل ہے۔ استفادہ کنندگان پر ایک روپے کا بھی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔