آئینۂ دکن

شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ میں سی اے اے کے خلاف احتجاجی ریالیاں‘ ہزاروں افراد کی شرکت

حیدرآباد: 28؍دسمبر (عصر حاضر) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک بھر میں عوامی ناراضگی آئے دن بڑھتے جارہی ہے‘ ہر دن ملک کے بیشتر مقامات پر احتجاجی ریالیاں منعقد کرکے سی اے اے‘ این آر سی اور این پی آر کی زبردست مخالفت کی جارہی ہے۔ اسی ضمن میں آج ریاست تلنگانہ کے مختلف مقامات پر زبردست احتجاجی ریالیاں نکالی گئیں‘ شہر حیدرآباد میں آصف نگر جھرہ میں بڑے پیمانہ پر احتجاجی ریالی نکالی گئی جس میں زائد از دس ہزار لوگوں نے شرکت کی اور جان سے پیاری آزادی‘ سی اے اے آئین مخالف قانون ہے کے نعرے لگاکر اپنے شدید غصہ کا اظہار کیا‘ اسی طرح مسجد عامرہ عابڈز کے روبرو نمازِ جمعہ کے بعد احتجاجی دھرنا منعقد کیا گیا جس میں مفتی اکرام الحسن مبشر قاسمی امام و خطیب مسجد عامرہ عابڈز نے حکومت کی اس متنازعہ قانون کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک آئین مخالف اور دستورِ ہند کے منافی ہے جس میں چند لوگوں کو شامل کرکے باقی کے ساتھ سراسر نا انصافی کی گئی۔ علاوہ ازیں سرارم جیڈی میٹلہ‘ عید گاہ میر عالم پر خواتین کا احتجاجی دھرنا منعقد کیا گیا جس میں خواتین کی کثیر تعداد میں آئین مخالف اور دستون کے منافی اس قانون کی مخالفت میں اپنی آواز بلند کی۔

شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں ایک کامیاب احتجاجی ریلی منعقد کی گئی ریلی میں موجود شرکاء سے مفتی احسان الدین صاحب قاسمی مہتمم دارالعلوم نلگنڈہ نے خطاب کیا اور متنازعہ قانون کی شدید مخالفت کی‘ ہزاروں کی تعداد میں عوام و خواص نے اس ریلی میں شرکت کی۔ شہر بودھن میں بھی بہت بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا گیا اور سی اے اے ‘ این آر سی اور این پی آر کے خلاف اپنے غصہ کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں پرگی ضلع وقارآباد میں بھی ایک عظیم الشان ریالی نکالی گئی جس میں ہزاروں لوگوں نے حصہ لیا۔ سوریا پیٹ میں بھی عظیم الشان احتجاجی دھرنا منعقد کیا گیا جس میں آزادی کا زوردار نعرہ لگایا گیا اور ساتھ ہی اس قانون کے خلاف آواز بلند کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×