آئینۂ دکن

تلنگانہ میں کورونا مکمل طور پر قابو میں ہے، نجی اسکول انتظامیہ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں: ڈائریکٹر محکمہ صحت

حیدرآباد: یکم؍ستمبر (عصرحاضر) ڈائرکٹر محکمۂ صحت نے کہا کہ کووڈ انفیکشن سے متاثر بچے سو فیصد روبہ صحت ہورہے ہیں۔ تلنگانہ میں وائرس مکمل طور پر قابو میں ہے۔ یہ وائرس ان اضلاع میں بھی قابو میں ہے جہاں قبل ازیں کووڈ کے زیادہ معاملات درج کئے گئے تھے۔

ڈائرکٹر محکمۂ صحت عامہ تلنگانہ ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ تلنگانہ میں ابتداء سے ہی کووڈ پر کنٹرول کے اقدامات سختی سے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے شہر حیدرآباد کے علاقہ کوٹھی میں محکمۂ صحت عامہ کے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ ریاست میں کووڈ سے اموات کی شرح صرف 0.5 فیصد ہے جب کہ روبہ صحت ہونے کی شرح 98.5 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ریاست میں 1 سے 10 سال سے کم عمر کے صرف 3 فیصد بچے کووڈ سے متاثرہوئے ہیں۔ اسی طرح 20 سال سے کم عمر کے 13فیصد افراداس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ وائرس سے متاثرہ 73 فیصد لوگوں کی اکثریت کی عمر 20 سے 65 سال کے درمیان ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کووڈ انفیکشن سے متاثر بچے سو فیصد روبہ صحت ہورہے ہیں۔ تلنگانہ میں وائرس مکمل طور پر قابو میں ہے۔ یہ وائرس ان اضلاع میں بھی قابو میں ہے جہاں قبل ازیں کووڈ کے زائد معاملات درج کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 63 لاکھ بچے اسکول جارہے ہیں۔سیرو سروے سے پتہ چلا کہ 63 فیصد بالغ اور 50 فیصد سے زائد بچے وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ملک بھر کے تقریباً 60 سے 70 فیصد معاملات صرف کیرل میں درج ہوئے ہیں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے ہفتے سے وہاں کووڈ معاملات میں اضافے کی ایک وجہ تہوار بھی ہے۔ تلنگانہ میں بتکماں تہوار کے باوجود کورونا معاملات میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسکولس کے مالکان کو خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ریاست میں کووڈ ٹیکہ اندازی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×