تلنگانہ میں کورونا متأثرین خانگی اور کارپوریٹ دواخانوں میں علاج کو ترجیح دے رہے ہیں
حیدرآباد: 13؍اگسٹ (عصر حاضر) ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسس مسلسل بڑھتے جارہے ہیں اور متأثرین اپنے علاج و معالجہ کے لیے سرگرداں ہیں اس لیے کہ سرکاری دواخانوں میں بنیادی سہولتیں نہیں اور خنگی دواخانوں میں اخراجات ناقابل برداشت ہورہے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کورونا وائرس کے مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی میں ناکام ہورہی ہے جس کے سبب شہریوں کی جانب سے خانگی اور کارپوریٹ دواخانوں میں علاج کروانے کو ترجیح دی جانے لگی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں جملہ 61 سرکاری دواخانوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے جبکہ 55 خانگی دواخانوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ جہاں علاج کی سہولت دستیاب ہے ان میں 43 دواخانہ شہر حیدرآباد کے ہیں جبکہ کریم نگر اور کھمم میں ایک ایک خانگی دواخانہ ہے۔ میڑچل میں 3خانگی دواخانے موجود ہیں اور ورنگل میں 2 دواخانوں کے علاوہ رنگاریڈی میں 5 خانگی دواخانہ موجود ہیں۔ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے ریاست میں کورونا وائر س کے مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے جن 61 سرکاری دواخانو ںمیں مریضوں کو شریک کیا جا رہاہے ان میں 7000 ڈاکٹرس کی جائیدادیں منظورہ ہیں جن میں 2200 جائیدادیں اب بھی مخلوعہ ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے دواخانو ںمیں جملہ 30ہزار بستروں کی موجودگی کا دعوی کیا جا رہاہے جبکہ ان 30ہزار بستروں پر مریضوں کی نگہداشت کیلئے 20 ہزار نرسوں کی ضرورت ہے جس میں صرف 4473 نرس موجود ہیں ۔ سرکاری دواخانوں میں عملہ کی قلت اور سہولتوں کی عدم موجودگی کے سبب صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے اورمریضوں کے رشتہ دارو ںکی جانب سے انہیں سرکاری دواخانوں کے بجائے خانگی دواخانو ںمیں شریک کروانے کو ترجیح دی جارہی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکام کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے بھاری رقومات کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ریاستی حکومت کے احکام کے مطابق کورونا وائرس کے علاج کے لئے رجوع ہونے والے مریض کو کورونا وائر س کے معائنہ کیلئے 2200 روپئے وصول کرنے کی اجازت کیلئے آئسولیشن وارڈ کیلئے 4000 یومیہ وصول کرنے کی اجازت فراہم کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود خانگی دواخانوں کی جانب سے من مانی رقومات کی وصولی کے خلاف محکمہ صحت کی جانب سے کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ریاستی حکومت کی جانب سے اضلاع میں خانگی دواخانوں کو کورونا وائر س کے مریضوں کے علاج کیلئے اجازت کی فراہمی کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور 10 اگسٹ کو محکمہ صحت کی جانب سے ورنگل میں 7 خانگی دواخانوں کو اجازت فراہم کی گئی جبکہ کریم نگر میں 3 دواخانوں کو اجازت فراہم کی گئی ہے اور 12 درخواستیں زیر التواء ہیں۔نلگنڈہ میں 4 درخواستیں زیر التواء ہیں نظام آباد میں 4 دواخانوں کو اجازت فراہم کی گئی ہے اور 4 درخواستیں زید التواء ہیں۔