ملت اسلامیہ وقت کے عظیم محدث اورمصلح سے محروم، مفتی سعید صاحب پالنپوری کا سانحہ ارتحال
حیدرآباد: 19/مئی (پریس ریلیز) مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش کی اطلاع کے مطابق عالم اسلام کے عظیم محدث اورمصلح ،دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث اورصدرالمدرسین حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالنپوری کے سانحہ ارتحال پر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتی ہے اور اس کو ملت کا بالخصوص علمی دنیا کا ایک عظیم خسارہ قرار دیتی ہے ،اس موقع پر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش کے صدر حضرت مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی نے فرمایا کہ حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالنپوری رحمۃ اللہ علیہ علمی اعتبار سے ایک عبقری شخصیت تھے ، ساتھ ساتھ اللہ رب العزت نے انہیں سمجھانے کامنفرد سیلقہ بھی عطافرمایا تھا ،وہ اسلاف کی ایک بہترین یادگار اور نمونہ تھے، جہاں کوئی علمی بنیادوں پر بالخصوص قرآن وحدیث کی فہم وتشریح میں کوئی غلطی دیکھتے تو فوراً متنبہ فرماتے اور مفتی صاحب کی ان تنبیہات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھاجاتا ،وہ ہماری دعوت پر بارہاحیدرآباد بھی تشریف لاچکے ہیں اور ایک مشفق باپ کی طرح ان کا معاملہ رہا کرتا تھا ،انہوں نے کہا کہ ملک اور بیرون ملک میں پھیلے ہوئے ان کے لاکھوں شاگرد ان کے لئے ثواب جاریہ ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اپنی منفرد انداز اور غیر معمولی تفہیمی صلاحیت کے لئے ہمیشہ جانے جائیں گے ،ا نہوں نے تمام مدارس کے ذمہ داروں سے اور وابستہ گان جمعیۃ سے خواہش کی ہے کہ وہ حضر ت کے لئے ایصال ثواب اور دعا مغفرت کا اہتمام کریںاور اللہ رب العزت سے دعاہے کہ اللہ رب العزت ان کا بہترین نعم البدل امت کو عطافرمائے ۔