آئینۂ دکن

مسافر ٹرینوں کی خدمات بحال نہ کرنے کے سی آر کا وزیر اعظم کو مشورہ

حیدرآباد 11 مئی ( عصر حاضر) وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ آج پانچویں ویڈیو کانفرنسگنگ میں تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ نے یہ مشورہ دیا کہ وہ فی الحال مسافر ٹرینوں کی خدمات کو بحال نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ٹرین خدمات کے شروع کرنے سے عوام کی نقل و حرکت شروع ہوجائیگی اور اس سے کورونا کے معائنوں اور قرنطینہ میں رکھنے کے مسائل پیدا ہوجائیں گے ۔ چیف منسٹر نے حوالہ دیا کہ کورونا کے اثرات بڑے شہروں بشمول ممبئی ‘ دہلی ‘ چینائی اور حیدرآباد میں زیادہ ہیں۔ چیف منسٹر نے وزیر اعظم سے خواہش کی کہ وہ مسافر ٹرینوں کی خدمات کو بحال نہ کریں ۔ ان ٹرینوں کو کورونا وائرس کے پھیلاو پر قابو پانے کے اقدامات کے طور پر روک دیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ ریلویز نے اعلان کیا ہے کہ منگل سے جملہ 15 ٹرینوں کو بحال کیا جائیگا جو راجدھانی روٹ پر دہلی سے ملک کے کچھ بڑے شہروں کیلئے چلائی جائیں گی ۔ ان میں دہلی تا سکندرآباد ٹرین بھی شامل ہے ۔

چندر شیکھر راو نے نریندر مودی سے کہا کہ اس موقع پر مسافر ٹرین خدمات کو بحال کرنے کی صورت  میں ایک سے دوسرے مقام تک عوام کی نقل و حرکت شروع ہوجائے گی ۔ اس کے نتیجہ میں وائرس پھیلنے کا اندیشہ ہے ۔ کوئی بھی یہ نہیں جانتا کہ کون کہاں سے کہاں جا رہا ہے ۔ ہر کسی کا معائنہ کرنا ممکن نہیں ہوگا ۔ اس کے علاوہ جس کسی نے ٹرینوں کے ذریعہ سفر کیا ہو ان تمام کو قرنطینہ میں رکھا جائے ۔ ایسے میں مسافر ٹرین فی الحال شروع نہیں کی جانی چاہئیں۔ کے سی آر نے تارک وطن مزدوروں کو ان کے آبائی مقامات کو بھیجنے کی وکالت کی اور اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ ریاستوں کو دئے گئے قرض کو ری شیڈول کیا جانا چاہئے ۔ کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ کورونا وائرس کا ٹیکہ ملک میں جولائی ۔ اگسٹ تک دستیاب ہوجائیگا ۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ شائد یہ ٹیکہ سب سے پہلے حیدرآباد ہی سے دریافت ہوجائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×