آئینۂ دکن

منتخب عازمینِ حج 19؍مئی تک اپنی دوسری قسط 1 لاکھ 20ہزار روپیے جمع کردیں، مکمل اخراجات کا تعین ابھی باقی

حیدرآباد: 13؍مئی (عصرحاضر) حج 2022 ء کے منتخب عازمین حج کو سفری اخراجات کی دوسری قسط کے طور پر ایک لاکھ 20 ہزار روپئے 19 مئی تک جمع کرنا ہوگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے ڈپٹی چیف اگزیکیٹیو آفیسر آپریشنس نے ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کرتے ہوئے اس بات کی اطلاع دی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے منتخب عازمین سے پہلی قسط کے طور پر 81 ہزار روپئے کی رقم حاصل کی ہے اور 19 مئی تک مزید ایک لاکھ 20 ہزار روپئے کی ادائیگی کی ہدایت دی گئی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے بتایا کہ منتخب عازمین کو یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر آن لائین جمع کرنے کی سہولت موجود ہے۔ اس کے علاوہ یونین بینک اور ایس بی آئی کے کسی برانچ کے ذریعہ حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں نقد یا پھر چیک کے ذریعہ رقم جمع کی جاسکتی ہے۔ حج کے اخراجات کا تعین فضائی کرایہ اور سعودی عرب میں اخراجات سے متعلق کونسل جنرل جدہ کی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا ۔ اخراجات کی تفصیلات متعلقہ امبارگیشن پوائنٹ اور رہائش کے اعتبار سے مختلف رہیں گی۔ 19 مئی تک فی عازم ایک لاکھ 20 ہزار روپئے جمع کرتے ہوئے ادائیگی سے متعلق پے سلپ کو ریاستی حج کمیٹی کے پاس جمع کرنا ہوگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے واضح کردیا ہے کہ آخری تاریخ تک رقم کی ادائیگی میں ناکامی پر حج نشست منسوخ کردی جائے گی ۔ اسی دوران حج 2022 ء کیلئے 500 نشستیں حکومت ہند نے خصوصی کوٹہ کے تحت مختص کی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے صدرنشین ، نائب صدورنشین اور ارکان کیلئے 200 نشستوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا جبکہ صدر جمہوریہ کے لئے 100 ، وزیراعظم 75 ، نائب صدر جمہوریہ 75 اور مرکزی وزیر اقلیتی امور کیلئے 50 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ سرکاری کوٹہ کی یہ نشستیں ایسے عازمین کو الاٹ کی جائیں گی جن کا نام قرعہ میں منتخب نہیں ہوا۔ سرکاری کوٹہ کے تحت نشستوں کے سلسلہ میں ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی اور دیگر اہم شخصیتوں کے ذریعہ درخواستیں روانہ کی جاسکتی ہیں۔ عازمین کی جانب سے روانہ کردہ راست کسی بھی درخواست کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ اسی دوران حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2022 ء کے لئے اسٹانڈرڈ بیاگیج کا تعین کیا ہے جو حج کمیٹی کی جانب سے فراہم کیا جائے گا ۔ یہ بیاگیج عازمین حج کو ان کے پتہ پر پہنچایا جائے گا ۔ عازمین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے پتہ کی تصدیق 14 مئی تک حج پورٹل پر کریں۔ سفر کے دوران عازمین کو دشواریوں سے بچانے کیلئے درکار وزن کے مطابق بیاگیج کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ر

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×