آئینۂ دکن

حج 2022ء: قرعہ اندازی میں تلنگانہ کے 1822، مہاراشٹرا کے 4856، مدھیہ پردیش کے 1780 اور دہلی کے 835 عازمین منتخب

حیدرآباد: 30؍اپریل(عصرحاضر)  بی شفیع اللہ (آئی ایف ایس)ایگزیکٹیوآفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے آج بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے لئے 1822عازمین حج کو منتخب کیاگیا ہے۔ انہوں نے منتخب عازمین کو دلی مبارکباددی ہے اور کہاکہ حج 2022 کے لئے عازمین حج کی قرعہ اندازی ہفتہ 30 اپریل کوحج کمیٹی آف انڈیا کے دفتر واقع ممبئی میں 5بجے شام بذریعہ آن لائن کی گئی۔ تمام منتخب عازمین کوایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دیدی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عازمین کوسفر پر روانگی کی پہلی قسط کی رقم 81 ہزارروپے جمعہ 6مئی سے قبل بذریعہ آن لائن اسٹیٹ بینک آف انڈیا‘یا یونین بینک آف انڈیا‘حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کرواناہوگا۔ بعدادائیگی اڈوانس رقم کی ایک کاپی معہ میڈیکل اسکریننگ فٹنیس ٹسٹ سرٹیفکیٹ کی کاپی تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی میں 6مئی سے قبل جمع کرواناہوگا۔رقم کی عدم ادائیگی کی صورت میں حج کی نشست منسوخ ہوسکتی ہے۔

حج دوہزار بائیس کے لئے مدھیہ پردیش سے سفر حج پر جانے والے عازمین حج کے لئے بھوپال میں قرعہ اندازی پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔ آن لائن قرعہ اندازی پروگرام میں ایم پی کے 1780 عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ۔ دو سال بعد سفر حج کے لئے کی گئی قرعہ اندازی پر عازمین حج نے جہاں خوشی کا اظہار کیا وہیں مقدس سفر کے انتظار میں بیٹھے عازمین حج کا نام جب قرعہ اندازی میں سامنے آیا تو ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے۔

مہاراشٹر کے عازمین حج کے لئے آن لائن قرعہ اندازی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی نے ممبئی صابو صدیق مسافر خانہ میں واقع اپنے دفتر میں 4856 نششتوں کے لئے آن لائن قرعہ اندازی کا اہتمام کیا۔ واضح رہے کہ اس سال صرف 14 ریاستوں میں ہی عازمین حج کے لئے قرعہ اندازی ہو رہی ہے اور مہاراشٹر سمیت کیرالہ، تمل ناڈو، دہلی، مدھیہ پردیش میں آن لائن قرعہ اندازی کا سلسلہ مکمل ہو گیا ہے۔

مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکیوٹیو افسر امتیاز قاضی نے بتایا کہ اس سال ریاست مہاراشٹر نے سب سے پہلے قرعہ اندازی کے عمل کو مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال مرکزی حج کمیٹی نے مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کو 4 ہزار آٹھ سو 74 نششتوں کا کوٹہ فراہم کیا ہے۔ ان میں سے چار ہزار آٹھ سو 56 نششتوں کے ساتھ اضافی سیٹیوں کے لئے قرعہ اندازی کا پروسیس مکمل کر لیا گیا ہے۔ امتیاز قاضی نے کہا کہ مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کو اس سال 11 ہزار ایک سو 92 درخواستیں موصول ہوئیں تھیں۔ ان میں 4856 سیٹوں کو چھوڑ کر باقی 6 ہزار سے زیادہ عازمین کو ویٹنگ لسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ‘ان میں 1395 دخواستیں 65 سال سے زیادہ عمرکے عازمین حج کی تھیں، جن پر سعودی حکومت نے اس سال کووڈ پالیسی کے تحت امتناع عائد کر دیا ہے۔’ امتیاز قاضی نے بتایا کہ 18 درخواستیں بغیر محرم کے سفر حج پر روانہ ہونے والی خواتیں کی ہیں جسے قرعہ اندازی کے بغیر قبول کر لیا گیا ہے۔ ان میں 11 درخواستیں دو سال سے کم عمر کے بچوں کی بھی شامل ہے۔ قاضی نے کہاکہ قرعہ میں منتخب ہونے والے عازمین کو مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے ایس ایم ایس کے ذریعے بھی مطلع کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سال 2022 کے لئے ہندوستان کو 79 ہزار دو سو 23 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ 56 ہزار چھ سو ایک سیٹیں مرکزی حج کمیٹی کے حصے میں آئی ہیں۔ ان نششتوں کو 14 ریاست میں تقسیم کیا گیا ہے۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے قرعہ اندازی کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا اور اس میں مجموعی طور پر 835 عازمین کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان میں وہ 8 خواتین بھی شامل ہیں جنہوں نے محرم کے بغیر حج پر جانے کے درخواست پیش کی تھی۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکیوٹیو آفیسر جاوید عالم خان نے اطلاع فراہم کرتے ہوئے کہا کہ آج لاٹری سسٹم کی بنیاد پر دہلی میں ہفتہ کے روز ریاست سے حج کے لیے درخواست دہندگان کا انتخاب کیا گیا۔ اس سال دہلی سے تقریباً 835 درخواست دہندگان کا انتخاب کیا گیا۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج درخواستوں کے حوالہ سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سال جنرل کیٹیگری کی 1785 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس کے علاوہ 8 درخواستیں ان خواتین نے پیش کیں جو محرم کے بغیر حج پر جانا چاہتی ہیں، جبکہ 3 بچوں کی درخواستیں بھی موصول ہوئیں۔ قرعہ اندازی کے بعد تمام درخواست دہندگان میں سے 827 کا انتخاب کیا گیا، جبکہ محرم کے بغیر حج کے لئے درخواست پیش کرنے والی تمام خواتین کو منتخب کر لیا گیا کیونکہ انہیں مختص زمرہ میں رکھا گیا ہے۔ اس طرح سے مجموعی طور پر 835 درخواست دہندگان کا انتخاب کیا گیا۔ حج کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ تمام درخواستوں میں سے 836 سے لے کر 1793 تک کو عام ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×