مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کی رحلت‘ جد و جہد کے ایک باب کا خاتمہ
دیوبند،18؍ جولائی(سمیر چودھری)نامور عالم دین اور جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر و شہر قاضی کانپور مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کے انتقال کی خبر سے یہاں علمی حلقوں کی فضاء مغموم ہوگئی، دارالعلوم دیوبند اور جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران سمیت ملک کے نامور علماء کرام نے مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کے انتقال پر گہرے رنج والم کااظہار کرتے ہوئے ان کے سانحہ وفات کو عظیم علمی،ملی اور سماجی خسارہ قرار دیا۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج وغم کااظہار کیا اور کہاکہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی علمی دین کی خدمت اور سماجی و فلاحی امور کے لئے وقف کردی تھی، انہوںنے نہ صرف دینی مدارس بلکہ جمعیۃ علماء ہند کے لئے بھی بیش بہا قربانیاں دیں اللہ پاک مرحوم کی مغفرت فرماکر درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء کرے۔
جمعیۃ علماء اترپردیش کے سکریٹری مولانا محمد مدنی نے مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ مولانا مرحوم نہایت ملنسار اور خو ش اخلاق شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے اپنی پوری زندگی خدمت خلق اور خدمت دین میں گزاری ہے ،مرحوم کی یہ علمی خدمات ہمیشہ یا درکھی جائینگے ،ان کا انتقال علمی حلقوں بالخصوص جمعیۃ علماء ہند اور دینی مدارس کا بڑا خسارہ ہے اللہ پاک مرحوم کی بال بال مغفرت فرماکر ان کے درجات بلند فرمائے۔
دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی نے صدر جمعیۃ علماء اترپردیش مولانا متن الحق اسامہ قاسمی کے انتقال کو ایک عہد کا خاتمہ بتایا اور کہاکہ مرحوم نہ صرف مشرقی یوپی بلکہ پورے اترپردیش سمیت ملک بھر میں علم دین کی خدمت انجام دے رہے تھے، خدمت خلق اور فلاحی و رفاہی امور کے ذریعہ انہوں نے عوام کو جوڑنے کام کیاہے ،ایسے لوگ ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔ اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔
مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی اور جمعیۃ علماء ہند مجلس منتظمہ کے رکن و جامعہ دعوۃ الحق معینہ چررہو کے مہتمم مولانا شمشیر الحسنی قاسمی نے کہاکہ رابطہ مدارس دارالعلوم دیوبند شاخ مشرقی یوپی کے صدر مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کی اچانک رحلت ملت اسلامیہ ہند کے لئے عظیم خسارہ ہے ،مولانا مرحوم اپنی سادگی،منکسرالمزاجی اور ملنساری کی بدولت ہر طبقہ کے لوگوں میںمقبول تھے۔ مولانا کو تقریر و تحریر دونوں میںملکہ حاصل تھا۔ درجنوں دینی و تعلیمی اداروں کے قیام کی بنیاد پر مولانا مرحوم ہمیشہ یاد کئے جائینگے۔مرحوم نے مختلف پلیٹ فارموں سے اورمتعدد جہتوں سے اہم خدمات سر انجام دی ہیں۔
آل انڈیا ملی کونسل کے ضلع سہارنپور کے صدر مولانا عبدالمالک مغیثی، جامعہ قاسمیہ دارلتعلیم والصنعہ مولانامحمدابراہیم قاسمی، جمعیۃ علماء کے ضلع نائب صدر مولانا فرید مظاہری نے کہاکہ مولانا متین الحق اسامہ قاسمی ایک بلند پایہ عالم دین ، مقبول مقرر، نامور صاحب قلم اور زمامہ شناس تھے۔ انہوں نے اپنی دینی اور علمی خدمات کے گہرے نقوش چھوڑے ہیںجو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔انہوں نے جمعیۃ علماء ہند سے وابستہ ہو کرپورے ملک میں دینی وملی خدمات انجام دی، قحط الرجال کے اس دور میں صاحب علم وکمال جیسی شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عالم با عمل تھے انہیں قوم وملت کے مسائل سے گہری دلچسپی تھی ،اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے درجات کو بلند فرمائے جنت الفردوس میں مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کے انتقال پردعائیہ مجلس میں کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند کے نائب ناظم و استاذ مولانا شاہ عالم گورکھپوری نے کہاکہ مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کے اہل خانہ سے مسنونہ تعزیتی کلمات پیش کیے۔ مولانا شہبازاخترسیوان، محمد احمد ایم اے گورکھپوری اور مرکزالتراث الاسلامی کے دیگر اراکین نے بھی گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت مسنونہ کا اظہار کیا۔نیز اس موقع سے مرکزالتراث الاسلامی میں ایصال ثواب کا بھی اہتمام کیا گیا۔نیز مولانا شاہ عالم گورکھپوری نے کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند سے ملحقہ تمام مجالس سے دعائیہ نشست منعقد کرنے کی اپیل کی ہے۔مولانا مرحوم کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت دار العلوم دیوبند کی زیر نگرانی ، تحفظ ختم نبوت کے موضوع پر خدمات میںمصروف رہتے تھے۔ اسلامی عقائد کی حفاظت اور مسلمانوں کو فرقہائے باطلہ سے بچانے میں ان کی قربانیاں قابل تحسین ہیں جو آئندہ بھی یاد رکھی جائیںگی۔مولانا کے انتقال متعدد مقامات پر قرآن خوانی کرکے دعاء ایصال ثواب کا اہتمام کیاگیا۔