لاک ڈاؤن کی وجہہ سے بلڈ بینکس میں خون کی قلت، تھیلیسیمیا کے مریضوں کو دشواریوں کا سامنا
حیدرآباد: 13؍اپریل (پریس ریلیز) اس وقت جہاں عام افراد لاک ڈاؤن کی وجہہ سے پریشان ہیں۔وہیں دوسری طرف ریاست تلنگانہ میں تھیلیسیمیا کے مریض بھی کافی دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔لاک ڈاؤن کی وجہہ سے بلڈ بینکس میں خون کی شدید قلت ہے۔تلنگانہ میں تھیلیسیمیا کے تقریباً1625 مریض ہیں۔ جن کو باقاعدگی سے خون کی منتقلی کی ضرورت ہوتی ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں رضاکارانہ طور پر خون کے عطیہ کی درخواست کی ہے۔ ڈاکٹرس کی تنظیم ڈیرکی جانب سے انسانی ہمدردی اورموجودہ حالات میں سخت ضرورت کے پیش نظر تھیلیسیمیا اینڈ سکل سیل سوسائٹی کے اشتراک سے صحت مند رضاکارانہ خون عطیہ دہندگان کو متحرک کرنے کی مساعی کا آغاز کیا ہے۔ آج ڈیرکی جانب سے 12صحت مند رضاکارانہ خون عطیہ دہندگان کو متحرک کیاگیا۔ ڈاکٹر عاطف اسماعیل، صدر ڈاکٹرس ایسوسی ایشن فار ریلیف اینڈ ایجوکیشن،حیدرآباد کی زیر نگرانی ان افراد نے تھیلیسیمیا اینڈ سکل سیل سوسائٹی کے مرکز پہنچ کر خون کا عطیہ دیا۔ڈاکٹر عاطف اسماعیل نے اس موقع پر تھیلیسیمیا اینڈ سکل سیل سوسائٹی کے کاموں کی سراہنا کی اورمستقبل میں بھی تھیلیسیمیا اینڈ سکل سیل سوسائٹی کا تعاون جاری رکھنے کا تیقن دیا۔واضح رہے کہ موجودہ لاک ڈاؤن اور ٹریفک تحدیدات کے پیش نظر تھیلیسیمیا اینڈ سکل سیل سوسائٹی کی جانب سے بس کی سہولت کا بھی انتظام رکھا گیا ہے۔۔ صحت مند اور اہل رضاکار خون کے عطیہ دہندگاں ڈیرکے ذمہ دار ڈاکٹر عمر حسن سے9704042388 اور ڈاکٹر اکبرحسین سے 9885486860 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔اور تفصیلات معلوم کی جاسکتی ہیں۔آج خون کاعطیہ کرنے والوں کو اسنادات بھی دیئے گئے۔