پہلے مرحلہ میں بہار کے 71؍سیٹوں پر ہوگی کل رائے دہی‘ عوام سے ووٹ ڈالنے آل انڈیا ملی کونسل کی اپیل
پٹنہ: 27؍اکتوبر (عصر حاضر) بہار انتخابات کا چہارشنبہ کے رور عملاً آغاز ہونے جارہا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 71 سیٹوں پر رائے دہی ہوگی۔ پہلے مرحلے کے الیکشن کے لئے تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنی پوری قوت جھونک دی ہے۔ وہیں سماجی تنظیموں نے لوگوں سے اپیل کی ہیکہ ہر حال میں وہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ آل انڈیا ملی کونسل کی جانب سے اس کے متعلق گزشتہ کئی مہینوں سے بیداری مہم چلائی جا رہی تھی۔
کونسل کے نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے صوبہ کے تمام لوگوں سے جمہوریت کے اس عظیم تہوار میں پوری طرح سے شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔ ملی کونسل نے لوگوں سے کہا ہیکہ بہتر امیدواروں کا انتخاب کرنے کے لئے گھروں سے نکل کر پولنگ بوتھوں پر آنا ضروری ہے۔ ملی کونسل نے خاص طور سے مسلمانوں سے اپیل کی ہیکہ وہ ہرحال میں پولنگ بوتھوں پر پہنچیں اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ ملی کونسل نے نوجوانوں کو کہا ہیکہ اس موقع پر انکی ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ کل صبح صبح پہلا کام ووٹ ڈالنا ہے اور جو لوگ اپنے گھروں سے پولنگ بوتھوں پر نہیں پہنچ پائیں انہیں پولنگ بوتھوں پر لے جانے میں مدد کی جائے۔ تاکہ ایک بھی شخص چھوٹے نہیں۔
ملی کونسل نے کہا کہ ان کے ساتھ مختلف تنظیموں نے ہینڈ بل، سوشل میڈیا اور اخبارات کے ذریعے لگاتار ووٹروں کو بیدار کرنے کی کوشش کی ہے۔ ملی کونسل کے مطابق جمہوریت کا ستون تب پوری طرح سے مضبوط ہوگا جب ایک ایک فرد اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے اپنے ووٹ کا استعمال کرے۔ کونسل نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہیکہ بہار میں ووٹ فیصد 60 فیصدی سے بڑھ نہیں پاتا ہے لیکن بہتر امیدواروں کے انتخاب اور ایک اچھی حکومت بنانے کے لئے تمام لوگوں کی شرکت ضروری ہے۔ اگر اس بار ووٹ فیصد میں اضافہ ہوتا ہے تو ایک اچھی بات ہوگی۔ اس میں نوجوانوں کی شرکت سب سے زیادہ ضروری ہے۔ نہ صرف حق رائے دہی کے استعمال میں بلکہ سیاست میں بھی ان کو اپنی موجودگی کا احساس کرانا چاہئے۔