آئینۂ دکن

بھارت بند کو پُر امن طریقے سے کامیاب بنانے ریاست تلنگانہ کے مؤقر علماء کرام کی اپیل

حیدرآباد: 28؍جنوری (عصر حاضر) بہوجن کرانتی مورچہ کے تحت 29؍جنوری کو بھارت بند مناکر سی اے اے این آر سی اور أین پی آر کے خلاف اپنا احتجاج درج کرنے کا اعلان کیا گیا جس کو ملک بھر سے تائید حاصل ہورہی ہے بہوجن کرانتی مورچہ کے ذمہ داران اور بام سیف کے روحِ رواں جناب وامن مشرام نے اپیل کی ہے کہ اس بھارت بند کو کامیاب بناتے ہوئے حکومت کو بتائیں کہ ہم ان قوانین کی مخالفت کرکے اس کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں‘ اپنے مطالبات میں ان باتوں کو ضرور شامل کریں کہ ہم کو شہریت ترمیمی قانون کسی طرح بھی منظور نہیں ہے‘ اسی طرح ہمیں این پی آر بھی منظور نہیں ہے‘ اگر این پی آر کا عمل یہ پُرانا عمل ہے تو پھر اس کو پرانے انداز میں ہی کیا جائے نہ کہ اس میں مزید ترمیم ہو‘ اسی طرح این آر سی کا پوری طرح بائیکاٹ کرتے ہیں اگر حقیقت میں این آر سی کرنا ہو تو ڈی این اے سے کیا جائے تب ہم ضرور قبول کریں گے۔ مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی ندوی نے بھی اپیل کی کہ بھارت بند کو ہندوستان کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کامیاب بنائے اور اپنے کاروبار پورے طور پر بند کرکے اس کا حصہ بنیں‘ حکومت کی مسلسل جمہوریت میں در اندازی اور اس کے آئین کی پامالی کے اس سلسلہ پر قدغن لگانے کے لیے اب ملک کے ہر شہری کو کمربستہ ہونے کی ضرورت ہے‘ اور اس کے مخالفت میں چل رہی جد و جہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

بہوجن کرانتی مورچہ کے اس اعلان کو پورا ملک کی تائید حاصل ہورہی ہے بالخصوص ریاست تلنگانہ کے مؤقر علماء کرام مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ترجمان و سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ‘ حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا‘ مفتی غیاث الدین رحمانی صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا‘  مولانا مفتی عبد المغنی مظاہری صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد‘ مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال انڈیا‘ مولانا محمد مصدق القاسمی صدر دعوہ اکیڈمی‘ مولانا محمد فصیح الدین ندوی جنرل سکریٹری صفا بیت المال انڈیا‘ مولانا حافظ غوث رشیدی صدر تجوید القرآن ٹرسٹ‘ مولانا وسیم الحق ندوی ناظم مدرسۃ البشیر یاقوت پورہ حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند اور دیگر علماء کرام نے اس بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ شہر کے بڑے مدارس سمیت مختلف دینی تنظیموں اور عصری اسکولس کے ذمہ داران نے اپنے اپنے اداروں میں تعطیل کا باضابطہ اعلان کیا‘ شہر حیدرآباد کے بڑے دینی مدارس ادارہ اشرف العلوم اکبرباغ‘ دارالعلوم حیدرآباد‘ دارالعلوم رحمانیہ تالاب کٹہ‘ احیاء العلوم ٹپہ چبوترہ‘ خیر المدارس بورہ بنڈہ ‘ تجوید القرآن عنبر پیٹ‘ مدرسہ عربیہ ارشاد العلوم میر محمود پہاڑی‘ مدرسہ گلزارِ مدینہ مدینہ گوڑہ‘ مدرسہ جمال القرآن آصف نگر‘ منہاج العلوم ورم گڈہ اور دینی و ملی تنظیموں جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش‘ صفا بیت المال انڈیا‘ ایم ایس اسکولس‘ وی آئی پی اسکولس ریاست تلنگانہ میں پھیلے ہوئے مکاتب کا نمائندہ ادارہ وفاق المکاتب وغیرہ کل بھارت بند میں حصہ لیکر اپنے اداروں کو تعطیل دے دی ہے۔ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی جو چالیس ملی تنظیموں پر مشتمل ہے اس کے کنوینر مشتاق ملک نے بھی تمام جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام ذمہ داروں کی جانب سے یہ اعلان کیا کہ کل بھارت بند کو ہماری پوری تائید ہے ہم عوام الناس سے بند کی اپیل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر حیدرآباد کے تاجرین میں بند کو لیکر کافی دلچسپی پائی جارہی ہے۔ ممکن ہے کہ کل کا بند ایک تاریخ رقم کرے گا۔

اس کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بھی علماء کرام و ملی جماعتوں کی جانب سے بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی‘ مولانا ولی قاسمی ناظم مدرسہ مظہر العلوم نظام آباد‘ مولانا عبدالعلیم قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع عادل آباد‘ مفتی یونس القاسمی ناظم مدرسہ اشرف العلوم کریم نگر‘ مفتی احسان الدین قاسمی مہتمم مدرسہ دارالعلوم نلگنڈہ‘ مفتی احسان شاہ قاسمی نرمل‘ مولانا اکبر الدین حسامی عادل آباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ و آندھرا کے تمام اضلاع کے علماء و ذمہ داران او رجمعیۃ علماء کے ضلعی یونٹوں کی جانب سے بھی بند کو تائید کرتے ہوئے اعلان کیا گیا۔

ہمارا ملک ہندوستان جو عالم کی سب سے بڑی جمہوریت اور مختلف مذاہب اور کلچر کا گہوارہ سمجھا جاتاہے اس وقت جن حالات سے دوچارہے اور یہاں کے باشندوں پر جو بے جا مظالم ڈھائے جارہے ہیں یہ کسی سے مخفی نہیں ہیں ، پورے ملک بلکہ بیرون ملک میں بھی ہندوستان کے مثالی دستور کو بچانے کی صدائیں گونج رہی ہیں CAA،NRC اور اب NRPجیسے کالے قانون کو لاکر پورے ملک کے بسنے والوں کو پریشان کیا جارہاہے ،ایسے نازک ترین حالات میں ہم سب مسلمانوں کا ملکی وشرعی فریضہ بنتا ہے کہ ہم سب ملک اور ملک کے دستور کو بچانے کے لئے آگے آئیں اور حکومت کی ان ناپاک سازشوں کے خلاف بہوجن کرانتی مورچہ نے 29؍جنوری2020 بروزچہارشنبہ کوبھارت بندکااعلان کیا ہے ، اس مورچہ میں ہندوستان کی مختلف تنظیمیں شامل ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ سارے سیکولر ذہن رکھنے والے اور ملک کے دستورو آئین سے محبت رکھنے والے افراد اور تنظیمیں اس بند کے اندر مکمل تعاون کرتے ہوئے بند کا ساتھ دیں ، اسی لئے جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش بھی اپنے کارکنان ووابستہ گان اور اضلاع کے ذمہ داروں سے خواہش کی کرتی ہے کہ اس بند میں بھرپور اپنے بردران وطن کا ساتھ دیں اور اس کو کامیاب بنانے کی فکر فرمائیں،برادران وطن اور بالخصوص مسلم حضرات سے خواہش ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے دوکانات اور کاروبار بند رکھیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×