مسجد الجمیل کھتولی مظفرنگر کی شہادت پولیس والوں کی کھلی ہوئی لاقانونیت
حیدرآباد:27؍مئی (پریس ریلیز) مولانا خالد سیف اللہ رحمانی (کارگزار جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) نے اس بات پر سخت رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے کہ ابھی ضلع بارہ بنکی کی مسجد غریب نوازکا زخم مندمل نہیں ہوا تھا، کہ کھتولی ضلع مظفرنگر کی مسجد الجمیل بھی شہید کردی گئی، اور مقامی پولیس نے بغیر کسی تحقیق کے اِس کو سرکاری زمین بتاکر مسجد شہید کردی، حالانکہ یہ زمین وقف بورڈ میں رجسٹرڈ ہے، اور متولی کے پاس اس کے کاغذات بھی موجو د ہیں، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ قانونی کاروائی کے سلسلہ میں صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے، اور اترپردیش گورنمنٹ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ یہ زمین متولی کے حوالہ کردے، اور جن پولیس عہدہ داروں نے اس غیر قانونی حرکت کا ارتکاب کیا ہے، ان کو معطل کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، نیز انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ مسجدوں کے کاغذات بنوائیں اور ان کو محفوظ رکھنے کا اہتمام کریں؛ تاکہ فرقہ پرست، متعصب اور فرض ناشناس قسم کے پولیس افسروں سے مسجدوں کی حفاظت ہو۔