ترقی و خوشحالی کے لئے چھوٹی ریاستوں کی تشکیل ناگزیر
دیوبند؍18نومبر (سمیر چودھری)پچھم پردیش مکتی مورچہ کے قومی صدر بھگت سنگھ ورما کی قیادت میں ایک وفد نے آج دارالعلو م دیوبند پہنچ کر ادارہ کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے مہمان خانہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مورچہ کے قومی صدر بھگت سنگھ ورما اور مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کے درمیان چھوٹی ریاستوں کی تشکیل کے متعلق گفتگو ہوئی۔ ورما نے مفتی ابوالقاسم نعمانی سے کہاکہ چھوٹی چھوٹی ریاستوں کی تشکیل سے ہی ملک کو فائدہ ہوگا، اسلئے اترپردیش کو چار حصوں میں تقسیم کرکے الگ پچھم پردیش کا قیام وقت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ مغربی اترپردیش ملک کا ہی نہیں بلکہ دنیا کا ترقی یافتہ خطہ ہے ،اگر اس علاقہ کو الگ کردیا جائے تو یہاں کی عوام خوشحال ہوگی۔بھگت سنگھ ورمانے کہاکہ مغربی اترپردیش کے 26؍ اضلاع ریاست اترپردیش کو 80؍ فیصد ریونیو دیتے ہیں مگر اس کے باوجود مغربی اترپردیش میں صحت کی سہولیات کی نا کے برابر ہیں اور یہ علاقہ تعلیم،صحت اور سبھی سہولیات میں پیچھے رہ گیاہے، الگ ریاست کے قیام کے بعد یہاں پر بین الاقوامی سطح کی صحت سے متعلق سہولیات مہیا ہونگی۔اس دوران ادارہ کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ آپ لوگوں کا یہ قدم بہت اچھاہے آپ لوگ برابر کوششیں کررہے ہیں،آپ کی اللہ تعالی مدد کرینگے۔ اس موقع پر حافظ مرتضیٰ تیاگی، واجد علی تیاگی وغیرہ موجودرہے۔