بھیم آرمی چیف نے کی مولانا سید ارشد مدنی سے ملاقات
دیوبند،24؍ اکتوبر(سمیر چودھری)بھیم آرمی چیف اور آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چندرشیکھر آزاد نے گزشتہ روز دیر شام جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی سے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے مابین الگ کمرہ میں کئی منٹ تک بات چیت ہوئی، حالانکہ کن موضوعات پر یہ گفتگو ہوئی ہے اسے میڈیا سے پوری طرح خفیہ رکھا گیاہے، دونوں جانب سے اس کو محض رسمی ملاقات بتایاگیاہے۔ موصولہ تفصیل کے مطابق گزشتہ دیر شام اچانک بھیم آرمی چیف چندر شیکھر آزاد اپنے ساتھیوں کے ساتھ مولانا سید ارشدمدنی سے ملاقات کرنے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے،جہاںمولانا سید ارشدمدنی نے والہانہ انداز میں ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً 15؍منٹ تک الگ گفتگو ہوئی،حالانکہ کن موضوعات پر یہ گفتگو کی گئی اسے ظاہر نہیں کیاگیاہے۔وہیں ملاقات کے بعد چندر شیکھر آزاد کے قریبی لوگوں نے بتایا کہ دبے کچلے،کمزور اور پسماندہ طبقات ایک ساتھ ہیں،آج چندر شیکھر آزاد صرف مولانا مدنی سے ملاقات کرنے ان کا آشرواد اور دعائیں لینے آئے تھے، جبکہ چندر شیکھر سے ملاقات کے متعلق جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا ارشد مدنی کی جانب سے بتایا گیاہے کہ ہم کوئی سیاسی لوگ نہیں ہیں،چندر شیکھر ملنے آئے تھے اور ملاقات کرکے چلے گئے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ستمبر 2018 میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دیوبند میں ہی ملاقات ہوچکی ہے۔ مولانا سید ارشدمدنی اور بھیم آرمی چیف کے درمیان ہوئی اس تازہ ملاقات کے بعدقیاس آرائیوںکا دور جاری ہے اورلوگ اس کو سیاسی نظریہ سے جوڑکر بھی دیکھ رہے ہیں۔